لاک ڈاؤن پر مرحلہ وار اساس پر نرمی کے اقدامات

   

پہلے مرحلہ میں صرف لائسنس کے حامل تجارتی اداروں کو کشادگی کی اجازت متوقع
حیدرآباد۔13مئی(سیاست نیوز) ریاست میں لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبہ کے مطابق حکومت کی جانب سے ابتدائی مرحلہ میں صرف ان تجارتی اداروں کو کھولنے کے اقدامات کئے جائیں گے جن تجارتی اداروں کے پاس ٹریڈ لائسنس موجود ہے اور جن اداروں کے پاس پارکنگ کے لئے جگہ موجود ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کی جانے والی منصوبہ بندی میں اس بات کو ترجیح دی جا رہی ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر شہری علاقوں میں لاک ڈاؤن کی مرحلہ وار انداز میں خاتمہ کے لئے جو منصوبہ تیار کیا جائے گا اس منصوبہ کے میں تاجرین کو ٹیکس کی ادائیگی میں باقاعدگی پیدا کرنے کے علاوہ دیگر قانونی امور و تجارتی قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے تیار کردہ کمیٹی کی جانب سے تیار کی جانے والی تجاویزمیں اشیائے ضروریہ کی دکانات کے ساتھ اگلے مرحلہ میں ان دکانات کو کھولنے کی منصوبہ بندی کو شامل کیا جا رہاہے جو ٹریڈ لائسنس کے علاوہ تجارت کے لئے درکار تمام اجازت نامے رکھتے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے محکمہ لیبر کی جنب سے اس بات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہے کہ ریاست کے شہری علاقوں میں کتنے تجارتی اداروں کے پاس ٹریڈ لائسنس اور لیبر لائسنس کے علاوہ وہ اجازت نامہ موجود ہے جو تجارت کیلئے درکار ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ان تفصیلات کے حصول کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط کی تیاری عمل میں لائی جائے گی اور ان میں سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ دیگر امور کو لازمی قرار دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔