لاک ڈاؤن کا اثر ، تمام سیاحتی مراکز بند

   

قلعہ گولکنڈہ ، سالار جنگ میوزیم ، لمبنی پارک وغیرہ بند
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں 10 دن کا لاک ڈاون نافذ ہونے کے بعد شہر حیدرآباد کے سیاحتی مراکز قلعہ گولکنڈہ ، سالار جنگ میوزیم ، لمبنی پارک ، چارمینار کے علاوہ دوسرے پارکس وغیرہ کو بند کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست کے دوسرے سیاحتی مراکز ، ہوٹلس اور کاٹیجس کو پوری طرح بند کردیا گیا ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے کے بعد عام طور پر لوگ سیاحتی مراکز کو بہت کم تعداد میں پہونچ رہے تھے تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان سیاحتی مراکز کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے ۔ گذشتہ سال نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے بعد تمام سیاحتی سرگرمیاں تقریبا نہ کے برابر ہوگئی تھی ۔ صرف دسمبر جنوری فروری تین ماہ کے دوران سیاح ان سیاحتی مراکز کو زیادہ تعداد میں پہونچے تھے ۔ ماہ اپریل سے سیاحوں کی تعداد اچانک گھٹ گئی تھی ۔ جاریہ سال کے پہلے تین ماہ کے دوران حیدرآباد کے سیاحتی مقامات بالخصوص قلعہ گولکنڈہ ، چارمینار ، لمبنی پارک اور سالار جنگ میوزیم کو بڑے پیمانے پر سیاح پہونچے تھے ۔ لمبنی پارک میں پہلے ہفتہ میں 10 تا 15 ہزار لوگ پہونچتے تھے جس سے 5 لاکھ روپئے کی آمدنی ہوتی تھی مگر اپریل سے سیاحوں کی تعداد اچانک گھٹ گئی ہے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ پہلے سے سیاحوں کی تعداد گھٹ گئی تھی اب لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ عام طور پر محکمہ سیاحت کو ماہانہ 6 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوا کرتی تھی مگر گذشتہ 6 ماہ سے آمدنی پوری طرح گھٹ گئی ہے ۔۔