حیدرآباد: تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کا فرضی جی او سوشیل میڈیا پر گشت کرنے کے معاملہ میں حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سائبر کرائم مسٹر کے وی ایم پرساد نے کہا کہ جمعرات کو بعض افراد نے دانستہ طور پر سوشیل میڈیا پر جھوٹا جی او گشت کرادیا تھا جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف سکریٹری سومیش کمار کے دفتر سے جاری کئے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے شرپسندوں نے ایک کارروائی انجام دی ہیں۔ فرضی جی او میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ تلنگانہ حکومت فوری طور پر جمعہ سے شام 6 تا صبح 8 بجے تک تمام تجارتی ادارے اور دکانات وغیرہ بند رکھنے کے احکامات بھی شامل تھے۔ حالانکہ چیف سکریٹری سومیش کمار نے فوری طور پر تردید کرتے ہوئے اس جی او کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کوئی لاک ڈاؤن کرنے کا منصوبہ نہیں رکھتی۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں آئی ٹی ایکٹ اور تعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے ان سوشیل میڈیا گروپس کی نشاندہی میں مصروف ہے جس کے ذریعہ یہ فرضی جی او کے ذریعہ لاک ڈاون کی افواہیں پھیلائی گئی تھی۔