لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر تاحال ایک لاکھ 65 ہزار مقدمات درج

   

کورونا کیسیس میں کمی ، خطرہ برقرار ، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا ٹوئیٹر پیغام
حیدرآباد: پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے آغاز سے اب تک دونوں شہروں میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک لاکھ 65 ہزار مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے سرکاری ٹوئیٹر ہینڈل کے ذریعہ جاری کردہ ایک پیام میں کہا کہ وہ عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کے تعاون سے ہی ریاست کے علاوہ دونوں شہروں میں کورونا کے کیسیس گھٹ رہے ہیں۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ حالانکہ شہر حیدرآباد میں کیسیس تیزی سے کم ہورہے ہیں لیکن کورونا وائرس کا خطرہ ابھی نہیں ٹلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور کل ایک ہی دن میں 60 ہزار سے زائد کیسیس درج کئے گئے ہیں ، اس سلسلہ میں بتایا کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف 2590 ، سماجی دوری کی خلاف ورزی کرنے پر 380 ، عوامی مقامات پر ہجوم کی شکل میں گھومنے پر 110 اور رات کے وقت کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر 4086 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ پولیس کا مقصد یہ نہیں ہے کہ عوام کو چالانات کریں یا ان کے خلاف کارروائی کریں بلکہ کورونا سے لڑنے کے لئے شعور بیداری کا حصہ ہے اور عوام کو بھی چاہئے کہ وہ حکومت کی تحدیدات کی خلاف ورزی نہ کریں اور کورونا کی روک تھام میں مدد کریں۔