حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں کورونا لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد سے ایک ماہ کی مدت میں ایک لاکھ 46 ہزار 894 گاڑیوں کو پولیس نے خلاف ورزی کی صورت میں ضبط کیا ہے۔ 23 مارچ تا 23 اپریل تک کی گئی اس کارروائی میں ایک لاکھ 35 ہزار 934 ٹووہیلرس، 5660 آٹوز، 4696 کارس اور 604 دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران باہر نکلنے والی ہر گاڑی پر پولیس کی نگاہ ہے۔ مکان سے صرف 3 کیلومیٹر کے حدود میں خریداری کی اجازت ہے۔ جاریہ ماہ لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے 12 ہزار 582 افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ ضبط کی گئی گاڑیوں کو لاک ڈاؤن کے اختتام کے بعد عدالت میں جمع کیا جائے گا اور عدالت کی اجازت سے عوام جرمانہ کی ادائیگی کے بعد حاصل کرسکتے ہیں۔ اسی دوران لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے، کیونکہ زیادہ تر عوام گھروں تک محدود ہے۔ محکمہ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست بھر میں 59.14 فیصد جرائم میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ سال 22 مارچ سے 22 اپریل تک 16 ہزار 942 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ جبکہ جاریہ سال اس مدت میں صرف 6,923 مقدمات درج کئے گئے۔