۔93,393 موٹر سیکل سواروں،988 آٹو رکشاء ، 5,041 موٹر کاروں کے خلاف مقدمات درج
حیدرآباد ۔ یکم / اپریل (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف پولیس مزید سختی سے کارروائی کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حالانکہ /23 مارچ سے لاک ڈاؤن کے آغاز سے لیکر یکم اپریل تک حیدرآباد میں پولیس نے ہزاروں مقدمات درج کئے ہیں ۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے اور بلاوجہ سڑکوں پر گھومنے والے ٹو وہیلرس حیدرآباد ٹریفک پولیس کے نشانہ پر ہے ۔ چنانچہ لاک ڈاؤن کے آغاز سے اب تک دونوں شہروں میں 93393 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں اور ان کی گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں ۔ جبکہ 988 آٹوز اور 5041 کاروں کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے اور مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک حیدرآباد سٹی انیل کمار نے سیاست نیوز کو بتایا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے پولیس کام کررہی ہے اور دونوں شہروں میں سڑکوں پر نصب کئے ہوئے اے این پی آر آٹومیٹیڈ نمبر پلیٹ ریڈنگ کیمروں کے ذریعہ خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ لاک ڈاؤن قوانین کے مطابق صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک موٹر سائیکل سوار اپنے مکان سے تین کیلو میٹر کی دوری تک خریدی کیلئے جاسکتا ہے لیکن اس لزوم کی بھی کھلے عام خلاف ورزیپر پولیس نے خفیہ کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن نمبر حاصل کرتے ہوئے مقدمات درج کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں خصوصی مہم چلائی جارہی ہے ، ٹریفک پولیس نے سختی سے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 16651 موٹر سائیکل سواروں کیخلاف تعزیرات ہند کے دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں اور ان کی گاڑیاں بھی ضبط کی جاچکی ہے ۔ پولیس عملہ ایسے کئی علاقوں کی نشاندہی کی ہے جہاں پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی زیادہ تر دیکھی گئی ہے جس میں ٹولی چوکی ، ملے پلی ، حسینی علم ، فلک نما ، یاقوت پورہ ، تالاب کٹہ اور ملک پیٹ شامل ہے ۔ ان علاقوں میں پولیس سختی سے نمٹنے کیلئے مزید پولیس عملہ کو تعینات کررہی ہے اور نائیٹ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے پیش آتے ہوئے انہیں فی الفور سزاء دی جارہی ہے ۔
سدی پیٹ میں کورونا وائرس کے ایک کیس کا معائنہ مثبت
حیدرآباد۔یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ میں کورونا وائرس کے ایک مشتبہ مریض کا معائنہ مثبت پایا گیا۔جس کا تعلق گجویل سے ہے اور وہ دہلی کے تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کے بعد واپس پہنچا تھا۔ کلکٹر وینکٹ رامی ریڈی نے اس کی توثیق کی ہے۔ اس واقعہ کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔
