ڈبلن : آئر لینڈ میں کورونا وبا کو روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر 15 ہزار 300 سے زائد افراد کو 1.9 ملین یورو سے زیادہ کا جرمانہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیسنگ اینڈ سیکورٹی این میری میک مہن کے مطابق عوام کی اکثریت لاک ڈائون پابندیوں پر عمل کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور اگر عوام حکومتی ایس او پیز پر عمل کرے تو ہم بہت سی جانیں بچاسکتے ہیں۔ آئرش لا انفورسٹمنٹ اداروں نے لاک ڈائون کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں پارٹیوں کا انعقاد کرنے والے 466 افراد کو فی کس 5 سو یورو جرمانہ کیا گیا جس کی مالیت 2 لاکھ 33 ہزار یورو بنتی ہے، اسی طرح سے ان پارٹیوں میں شرکت کرنے والے 1 ہزار 8 سو 42 افراد کو فی کس 150 یورو جرمانہ کیا گیا جس کی مالیت 2 لاکھ 76 ہزار 3 سو یورو بنتی ہے۔ غیر ضروی سفر پر اب تک 100 یورو کے حساب سے 11 ہزار 72 جرمانے کیے گیے جنکی مالیت 11 لاکھ 7 ہزار 200 یورو بنتی ہے، ماسک کا استعمال نہ کرنے پر269 افراد کوفی کس 80 یورو جرمانہ کیا گیا جس کی مالیت 21 ہزار 5 سو 20 یورو بنتی ہے۔ گارڈآفیسرز نے 262 افراد کو 100 یورو فی کس جرمانہ کیا جو یہاں کے رہائشی نہیں تھے، ان جرمانوں کی مالیت 26 ہزار 2 سو یورو بنتی ہے۔ 6 سو 38 افراد کو 5 سو فی کس جرمانہ کیا گیا جو غیر ملکی سفر کی کوشش کی مناسب وجہ نہ بتاسکے، ان جرمانوں کا ٹوٹل 3 لاکھ 18 ہزار یورو بنتا ہے۔ اس وقت 7 سو سے زیادہ جرمانوں پر کارروائی کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر پولیسنگ اینڈ سیکورٹی این میری میک مہن نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ سب کو یکجا ہوکر کورونا کی وبا سے نمٹنا ہے اور یہ اسی طرح ممکن ہے کہ ہم حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔
