لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنا پولیس کو مہنگا پڑا
11 افر اد گرفتار ، ڈاکٹروں نے مستعدی سے آپریشن کرکے کٹا ہوا ہاتھ جوڑدیا
پٹیالہ ۔ /12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے شہر پٹیالہ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنا پولیس کیلئے مہنگا ثابت ہوا ۔ نیہانگس سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ نے پولیس انسپکٹر کا ہاتھ کاٹ دیا اور دیگر تین کو زخمی کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے تیزی سے تلاشی کارروائی شروع کرتے ہوئے ایک گردوارہ میں 11 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سکھوں نے پولیس پر ایسا حملہ کیا کہ ایک پولیس ملازم کا ہاتھ پوری طرح سے جسم سے جدا ہوگیا ۔ اتوار کی صبح سبزی منڈی کے باہر مین گیٹ پر یہ حملہ کیا گیا ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہرجیت سنگھ کے ہاتھ کو تلوار سے کاٹ دیا گیا اور دیگر 3 پولیس ملازمین کو اُس وقت زخمی کیا گیا جب SUV میں سفر کرنے والے گروپ کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر روک دیا گیا تھا ۔ یہ گروپ حملہ کے فوری بعد فرار ہوگیا اور بلبیرا موضع میں واقع گردوارہ کچھڑی صاحب میں نیہانگ ڈیرہ کامپلکس میں پناہ لی ۔ گردوارہ میں داخل ہوکر پولیس نے منڈی حملہ میں ملوث 5 افراد بشمول 11 کو حراست میں لے لیا ہے ۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران فائرنگ بھی کی ۔ جس سے نیہانگ ڈیرہ کا رکن نیربھئے سنگھ زخمی ہوا ۔ اسے پٹیالہ کے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ اسی دوران چندی گڑھ کے پی جی آئی ایم ای آر کے ڈاکٹروں نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہرجیت سنگھ کے کٹے ہوئے ہاتھ کو آپریشن کے ذریعہ جوڑ دیا ۔ یہ آپریشن زائد از 7 گھنٹے تک کیا گیا ۔ سوشیل میڈیا پر وائرل کی گئی ویڈیو کلپ میں بتایا گیا کہ حملہ کے بعد پولیس ملازمین مدد کیلئے آواز دے رہے تھے ۔ ایک شخص کٹے ہوئے ہاتھ کو اٹھاکر دوسرے آفیسر کے حوالے کیا اور موٹر سائیکل پر وہاں سے فرار ہوگیا ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو قریبی دواخانہ راجیندر ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ وہاں سے چندی گڑھ کے دواخانہ میں منتقل کیا گیا ۔ دیگر تین زخمی پولیس ملازمین صدر پٹیالہ اسٹیشن ہاؤز آفیسر پاکر سنگھ ، اے ایس آئی راج سنگھ اور اے ایس آئی رگھبیر سنگھ ہیں ۔ انہیں منڈی کے باہر تعینات کیا گیا تھا اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جارہا تھا ۔ جن لوگوں کے پاس کرفیو پاس تھے انہیں مارکٹ کو جانے کی اجازت دی جارہی تھی ۔ سکھوں کے ایک گروپ کے نیہانگس کے ارکان SUV کار میں بیٹھ کر یہاں پہونچے ۔ پولیس نے انہیں روکا اور کرفیو پاس بتانے کیلئے کہا لیکن یہ لوگ پولیس رکاوٹوں کو توڑ کر گاڑی میں فرار ہوگئے ۔ جاتے جاتے پولیس ملازمین پر حملہ کیا ۔ واقعہ کے بعد پولیس ٹیم نے نیہانگ کامپلکس کا گھیراؤ کرکے گرفتار کی کارروائی کی ۔ اس علاقہ سے تین پستول ، پٹرول بم ، ایل پی جی سیلنڈرس ضبط کئے گئے ۔ پولیس نے پہلے ملزمین کو خودسپردگی کا موقع دیا ۔ جس پر انہوں نے انکار کیا اور پولیس ٹیم کو گالی گلوج کی ۔ جس کے بعد دونوں جانب فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا ۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے کہا کہ پنجاب پولیس نے پیشہ وارانہ طور پر اپنی کارروائی کرتے ہوئے خاطیوں کو گرفتار کیا ہے ۔