لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے باوجود ہنمنت راؤ بھونگیر پہنچ گئے

   

کسانوں سے ملاقات، ایک ہفتہ سے دھان سڑکوں پر
حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو بے خاطر کرتے ہوئے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے اضلاع کے دورہ کا آغازکیا۔انہوں نے آج یادادری بھونگیر ضلع کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یادادری کے مختلف علاقوں میں دھان کی خریدی سے متعلق حکومت کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے حکومت اور عہدیداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کسان دھان کی خریدی کا انتظار کررہے ہیں لیکن کسی نہ کسی بہانہ سے عہدیدار تساہل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کسانوں کو تیقن دیا کہ کانگریس پارٹی اُن کی بھلائی کیلئے جدوجہد کرے گی۔ کسانوں کی پیداوار کی خریدی کے سلسلہ میں حکومت پر دباؤ بنانے کیلئے ریاست گیر سطح پر کانگریس احتجاج کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ہنمنت راؤ کی آمد کے ساتھ ہی کسانوں نے اپنے مسائل پیش کئے اور کہا کہ بارش کے نتیجہ میں دھان کو نقصان کا اندیشہ ہے اور حکومت مکمل قیمت کی ادائیگی سے گریز کرتی ہے۔ ناقص دھان کی قیمت کم ادا کی جاتی ہے قبل اس کے کہ غیر موسمی بارش سے دھان کو نقصان ہو حکومت کو خریدی کا عمل تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسان لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں مسائل کا شکار ہیں اور اگر حکومت اُن کا تحفظ نہ کرے تو کسان فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبور ہوجائیں گے۔ قرض کے بوجھ تلے کسان پہلے ہی کافی پریشان ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں چیف منسٹر کیلئے یادادری ضلع اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کے سی آر نے مندر کی ترقی کا وسیع منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب یادادری ضلع میں کسانوں کی صورتحال ابتر ہے تو پھر دیگر اضلاع کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’ مئی ڈے‘ کے موقع پر ملک بھر کے مزدور لاک ڈاؤن کے سبب مسائل کا شکار رہے۔ حکومتوں کے دعوے مزدوروں کے سلسلہ میں کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔