کسانوں سے ملاقات، دھان کی عدم خریدی پر احتجاج کی دھمکی
حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے مسلسل دوسری مرتبہ لاک ڈاؤن کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل جاننے کیلئے بھونگیر پہنچ گئے۔ انہوں نے بھونگیر کے مختلف علاقوں میں مارکٹ یارڈز کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی جو دھان کی فروخت کے سلسلہ میں گزشتہ کئی دنوں سے انتظار کررہے ہیں۔ حکومت نے دھان کی خریدی کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک خریدی کا آغاز نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں کھلے میدان میں رکھی ہوئی دھان کو نقصان ہورہا ہے۔ ہنمنت راؤ نے ٹریکٹرس کے ذریعہ دھان کی منتقلی کا جائزہ لیا اور کسانوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دن سے حکومت کی بے حسی کے نتیجہ میں کسانوں کو بھاری نقصان ہوا۔ غیر موسمی بارش نے دھان اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار ناقص دھان کا بہانہ بناکر مکمل قیمت ادا کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے ماتی ریڈی گوڑہ، چاڈا اور دیگر گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ کسانوں نے ہنمنت راؤ کو اپنی بپتا سنائی اور کانگریس کی جانب سے احتجاج پر اظہار تشکر کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور لاپرواہی کے نتیجہ میں کسان سڑکوں پر آچکے ہیں اور آنے والے دنوں میں کسانوں کے احتجاج میں شدت پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے ساتھ ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن مساعی کرے گی۔
