لاک ڈاؤن کے بعد ترکاری اور انڈوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

   

اضلاع سے شہر کو ترکاری نہیں پہونچ رہی ہے ، کورونا کے پیش نظر انڈوں کی طلب میں اضافہ
حیدرآباد :۔ لاک ڈاون کے نفاد کے بعد ترکاریوں اور انڈوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ لاک ڈاؤن میں صرف 4 گھنٹوں کی صبح 6 تا 10 بجے کی نرمی کی وجہ سے شہر کے مضافات اور اضلاع سے مناسب مقدار میں ترکاری شہر کے مارکٹس کو نہیں پہونچ پا رہی ہے ۔ ترکاری کی درآمد و برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ مگر ٹرانسپورٹ کی مشکلات کی وجہ سے کسان شہر کی مارکٹس میں کم قیمت پر ہی اپنی ترکاری مارکٹ کے تاجرین کو فروخت کر کے روانہ ہورہے ہیں ۔ مارکٹ کے تاجرین حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کو زیادہ قیمت پر فروخت یا کسان مقامی سطح پر ہی ترکاری فروخت کررہے ہیں ۔ شہر کے مارکٹس بوئن پلی ، گڈی ملکاپور ، این ٹی آر نگر ، مادنا پیٹ ، میر عالم ، مونڈا مارکٹ کو شہر کے مضافاتی علاقوں کے علاوہ اضلاع میڑچل ، رنگاریڈی ، سنگاریڈی ، وقار آباد ، بھونگیر ، نلگنڈہ ، سدی پیٹ سے ترکاری پہونچتی ہے ۔ تاہم ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ترکاری شہر حیدرآباد نہیں پہونچ پا رہی ہے ۔ کسان مقامی سطح پر ترکاری فروخت کررہے ہیں ۔ جس کا اثر شہر کی مارکٹس پر پڑ رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے ترکاریوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ روزانہ شہر حیدرآبادکو تین ہزار کنٹل ترکاری پہونچتی ہے ۔ لاک ڈاؤن کے بعد اس کا نصف حصہ ترکاری نہیں پہونچ پارہی ہے ۔ کم قیمت میں عام آدمی کے لیے دستیاب رہنے والا تغذیہ بخش انڈا ، جس میں وٹامن ’ سی ‘ کے علاوہ دوسرے وٹامن موجود رہتے ہیں ساتھ ہی کیلثیم ، آئرن ، پوٹاثیم ، زنک کے علاوہ دوسرے کئی عوامل رہتے ہیں جو انسان کو صحت مند اور تندرست رکھنے میں معاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔ کورونا بحران کے دوران ڈاکٹرس کی جانب سے عوام کو زیادہ سے زیادہ انڈے کھانے کا مشورہ دیا جارہا ہے ۔ جس سے زیادہ تر عوام انڈے کھانے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ گذشتہ 2 ماہ سے گریٹر حیدرآباد میں کورونا متاثرین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوا ہے ۔ ہر گھر میں انڈے کا استعمال زیادہ ہوگیا ہے ۔ دو ماہ قبل 4.50 روپئے فی انڈا ریٹیل مارکٹ میں فروخت ہورہا تھا اب اس کی قیمت 6 روپئے ہوگئی ہے ۔ مستقبل میں مزید اضافہ کا اندیشہ ہے ۔۔