کورونا وباء اور معاشی صورتحال کے سبب آر ٹی اے کو نقصان
حیدرآباد۔ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران جون تک تلنگانہ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن کی رفتار بری طرح متاثر ہوئی تھی تاہم جون کے بعد اَن لاک سرگرمیوں کے نتیجہ میں نئی گاڑیوں کی خریدی اور رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے۔ عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ گاڑیوں کا رجسٹریشن ماقبل لاک ڈاؤن صورتحال تک بحال ہوچکا ہے۔ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے عہدیداروں نے آنے والے دنوں میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی ہے۔ آر ٹی اے کے جوائنٹ کمشنر سی رمیش کے مطابق گذشتہ سال کے مقابلہ میں جاریہ سال ابھی تک 80 فیصد رجسٹریشن ہوئے ہیں۔ اکٹوبر اور نومبر میں گاڑیوں کے رجسٹریشن میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے دوران 77190 ٹو وہیلرس اور 18311 فور وہیلرس گاڑیوں کا ریاست بھر میں رجسٹریشن کیا گیا اور276.65 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی۔ اس سے قبل آر ٹی اے کو 13837 فور وہیلرس اور 76076 ٹو وہیلرس کے رجسٹریشن سے 229.77 کروڑ کی آمدنی ہوئی۔ جولائی 2019 میں 65338 ٹو وہیلرس اور 9425 فور وہیلرس کا رجسٹریشن ہوا تھا جبکہ جاریہ سال جولائی میں 55745 ٹو وہیلرس اور 9356 فور وہیلرس کا رجسٹریشن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسہرہ اور دیپاولی کے دوران بھی کورونا وباء اور معاشی حالات کے پیش نظر گاڑیوں کے رجسٹریشن میں اضافہ نہیں ہوا۔ جاریہ سال ابھی تک 650500 گاڑیوں کا رجسٹریشن کیا گیا ہے۔