کورونا وائرس سے محفوظ رہنے لوگوں کی ذاتی سواری کو ترجیح
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ تقریبا ہر بزنس متاثر ہوا ہے لیکن آٹو موبائیل ڈیلرس بالخصوص سکنڈ ہینڈ گاڑیوں کو فروخت کرنے والے ڈیلرس کا بزنس خوب چل پڑا ہے ۔ لوگ پبلک ٹرانسپورٹ سے استفادہ کرنے سے اجتناب کررہے ہیں کیوں کہ انہیں اس بات کا اندیشہ ہے کہ اگر وہ پبلک ٹرانسپورٹ کو اپنائیں گے تو اس وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں ۔ اس لیے وہ سکنڈ ہینڈ گاڑیاں ، موٹر سیکلس اور موٹر کاریوں کی خریدی پر توجہ دے رہے ہیں ۔ اس طرح آٹو موبائل ڈیلرس سے ان گاڑیوں کی معلومات کرنے والوں کی بہتات ہوگئی ہے ۔ اس طرح وہ سفر کے لیے اپنی ذاتی گاڑی کا استعمال کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں تاکہ اس وائرس سے محفوظ رہ سکیں ۔ لاک ڈاؤن کے بعد سکنڈ ہینڈ گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ پنجہ گٹہ کے ساکن نندن کمار نے کہا کہ انہوں نے ایک سکنڈ ہینڈ کار ڈیلر کو کال کر کے تمام آپشنس معلوم کیے اور ایک دو دن میں ایک کار کی خریدی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں کیاب کے ذریعہ سفر کیا کرتا تھا اور اس کے بعد میٹرو ریل سے لیکن میں نے اب ایک سکنڈ ہینڈ کار خریدنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ میری فیملی کی سیفٹی ہوسکے ۔ یہ وائرس ختم ہونے تک وہ پبلک ٹرانسپورٹ کو نہیں اپنائیں گے ۔ امرآچاری ، ڈائرکٹر آدرشا گروپ کے مطابق ان دنوں نئی گاڑیوں سے زیادہ سکنڈ ہینڈ گاڑیوں کے لیے بہت مانگ ہوگئی ہے ۔ آئی ٹی شعبہ کے ایک ملازم راجندر جنہوں نے ہمیشہ میٹرو کو ترجیح دی ہے ۔ اب اپنی ذاتی کار خریدنے پر توجہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں نے ہمیشہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دی ہے کیوں کہ اس میں دباؤ کم ہوتا لیکن اب اس وباء کی وجہ میرا نظریہ بدل گیا ہے کیوں کہ مجھے یہ احساس ہورہا ہے کہ صحت مند رہنا بہت اہم ہے اور اگر اپنی خود کی گاڑی ہو تو اس وائرس سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔ میں ایک ایسی کار خریدنا چاہتا ہوں جس سے میری روزانہ کی ضرورت پوری ہوسکے ۔۔