لاک ڈاؤن کے درمیان 80 کیلومیٹر پیدل چلتی ہوئی بسنتی اپنی شادی کیلئے ویرو کے گھر پہنچ گئی

   

کانپور۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں پیش آئے ایک عجیب و غریب واقعہ میں دولہا ، دلہن کی جگہ منڈپ میں بیٹھ گیا اور دلہن روایات توڑتے ہوئے اپنی شادی کیلئے خود دولہے کے گھر تنہا پہنچ گئی۔ 19 سالہ گولڈی اس ہفتہ کے اوائل میں سخت لاک ڈاؤن کے باوجود 80 کیلومیٹر پیدل چلتے ہوئے کانپور سے قنوج میں واقع اپنے منگیتر کے گھر پہنچ گئی اور شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔ کانپور دیہات ضلع کے ڈیرہ منگل پورہ بلاک کے تحت لکشمن تلک گاؤں کی ساکن گولڈی کی کچھ عرصہ قبل ضلع قنوج کے تال گرام کے قریب واقع بیاسا پور گاؤں کی رہنے والے ویریندر کمار راٹھور عرف ویرو سے منگنی ہوئی تھی اور 4 مئی کو مقرر تھی جو لاک ڈاؤن کے سبب موخر کردی گئی تھی۔جس کے نتیجہ میں اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا تھا ، ستم بالائے ستم یہ کہ مسلسل لاک ڈاؤن کے سبب ’شبھ مہورت ‘بھی گذر جانے کے اندیشوں سے مایوسی کے تحت شادی کی آرزو پوری ہونے میں رکاوٹوں پر برداشت کا دامن چھوڑ چکی تھی چنانچہ اس ہفتہ کے اوائل میں وہ صبح صبح پختہ عزم و ارادہ کے ساتھ اپنے محبوب کے گھر پہنچنے کیلئے گھر سے نکل پڑی اور 80 کیلومیٹر پیدل چلتے ہوئے شام ڈھلنے سے قبل شبھ مہورت کے مقرر وقت منزل پر پہنچ گئی اور اس طرح بینڈ باجا اور بارات کے بغیر بسنتی اپنے ویرو کے گھر پہنچ کر آگ کے اطراف سات پھیرے لگاتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔ لڑکے کے والد نے دلہن کے تنہا گھر پہنچنے پر حیرت زدہ ہوتے ہوئے دلہن کے والد کو اطلاع دی جو صبح سے سارے گاؤں میں اپنی بیٹی کی تلاش میں پریشان تھا۔