سی پی آئی ضلع سنگاریڈی کی ظہیرآباد میں ایک روزہ بھوک ہڑتال
ظہیرآباد۔/5 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے بھارت نگر میں واقع اپنی پارٹی آفس میں ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے باعث غریب عوام کو دی جانے والی امداد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ بھوک ہڑتال کی گئی جس میں سی پی آئی کے ضلع سنگاریڈی کے صدر سید جلال الدین، حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے سکریٹری کے نرسملو، آل انڈیا تنظیم انصاف کے ضلعی صدر محمد اشفاق احمد اور ضلع سنگاریڈی کے کونسل ممبر محمد افضل کے علاوہ پارٹی کے دیگر قائدین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر صدر سی پی آئی ضلع سنگاریڈی سید جلال الدین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ وبائی قہر کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ العمل لاک ڈاون کے باعث ریاستی عوام بہت پریشان ہیں جبکہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے غریب عوام کو دی جانے والی 500 روپئے تا 1500 روپئے کی رقومات غریب عوام کے لئے کافی نہیں ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے پرزور اپیل کی کہ وہ غریب عوام کو 7000 روپئے فی کس 20 کیلو چاول دینے کیلئے انتظامات کرے اور یہ کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے مزدوروں جو لاک ڈاؤن کے باعث جہاں کے وہاں رک گئے تھے ، اور ریاستی عوام کو دی جانے والی امداد سے ان کا گذر بسر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزدوروں اور ریاست کے غریب عوام کو 7000 روپئے دینے کے علاوہ 20 کیلو چاول سربراہ کرنے، لاک ڈاؤن کے دوران ضبط کی گئی موٹر گاڑیوں کو ان کے مالکین کے حوالے کرنے، غریب عوام کے تین مہینوں کے برقی بلز معاف کردیئے جانے اور مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے مزدوروں کو ان کے آبائی مقامات کو جانے کیلئے ٹرین اور آر ٹی سی بسوں کا انتظام کرنے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ اس ایک روزہ بھوک ہڑتال سے اظہار یگانگت کرنے والے کانگریس لیڈر وائی نروتم نے بھی خطاب کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کے سفید کارڈ گیرندوں کو 7000 روپئے اور غریب مزدوروں کو 400روپئے دینے کے علاوہ 20 کیلو چاول سربراہ کریں اور کوویڈ۔19 کے دوران خدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین، ڈاکٹرس اور سرکاری عہدیداروں کے علاوہ پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو بھی 1500 روپئے اور 2500000 روپئے کے انشورنس کروانے کا بھی نظم کرے۔ بصورت دیگر لاک ڈاؤن کے بعد ضلع کلکٹر آفس کا گھیراؤ کرنے کا انتباہ دبھی دیا۔
