لاک ڈاؤن کے دوران سڑکوں کی تعمیر کے ناقص کاموں کا انکشاف

   

حکومت کو عہدیداروں کی رپورٹ، بارش کی صورت میں سڑکوںکی تباہی کا اندیشہ
حیدرآباد ۔15۔ مئی(سیاست نیوز) حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران سڑکوںکی تعمیر و توسیع اور فلائی اوورس کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں بعض خانگی اداروں کو کنٹراکٹ دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاکر خانگی ادارے سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں غیر معیاری کام انجام دے رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری کام انجام دیئے گئے، حالانکہ محکمہ بلدی نظم و نسق کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو معیاری کاموں کی ہدایت دی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدی نظم و نسق کے عہدیدار بھی کنٹراکٹرس کی لاپرواہی اور غیر معیاری کاموں پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ مانسون کی آمد سے قبل سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا لیکن ناقص کام کی صورت میں اندیشہ ہے کہ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی سڑکیں دوبارہ خراب ہوجائیں گی۔ اطلاعات کے مطابق چارمینار زون میں سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں بی ٹی روڈ کا کام جاری ہے اور اس کام میں اکثر مقامات پر معیار برقرار نہیں رکھا جارہا ہے ۔ ویجلنس کی جانب سے کوالیٹی کنٹرول کے بارے میں مختلف نوٹسوں کے باوجود کنٹراکٹرس غیر معیاری بی ٹی روڈس کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انتہائی کم درجہ حرارت کے ساتھ بی ٹی روڈ بچاھائی جارہی ہے جو پائیدار ثابت نہیں ہوسکتی۔ گزشتہ مانسون میں ناقص سڑکوں کے سبب بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ عہدیداروں کو اندیشہ ہے کہ چارمینار زون میں لاک ڈاون کے خاتمہ کے بعد جب بھی ٹریفک بحال ہوگی سڑکوں کی سابقہ حالات بحال ہوجائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کنٹراکٹرس کو بلز کی ادائیگی میں تاخیر کے سبب تعمیری کاموں میں معیار پر توجہ کم ہوچکی ہے ۔ بلدی حکام نے سڑکوں کی تعمیر میں ناقص کام پر حکومت کو رپورٹ پیش کردی ہے اور حکومت کی ہدایات کا انتظار ہے۔ غیر معیاری کام انجام دینے والے کنٹراکٹرس اور ایجنسیوں کو جرمانہ کے علاوہ بلیک لسٹ کرنے کی گنجائش ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے 300 کیلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کا نشانہ مقرر کیا تھا ، تاہم 228 کیلو میٹر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ کئی علاقوں میں ایک سطح بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد دوسری سطح بچھادی جائے گی۔ ناقص کاموں کے سلسلہ میں عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کو توجہ کی ضرورت ہے۔