لاک ڈاؤن کے دوران ضبط گاڑیوں کی رہائی مشکل

   

Ferty9 Clinic

عوام کو گھروں تک محدود رہنے کا مشورہ ، کمشنر سائبرآباد سجنار کا بیان
حیدرآباد /20 اپریل ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اشیاء ضروریہ کیلئے بھی دن میں ایک سے زائد مرتبہ سڑک پر دیکھائی دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ یہ بات کمشنر پولیس سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران سرکاری شرائط پر عمل آوری کی جانچ اور حالات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سطح کے عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔ انہوں نے سائبرآباد حدود میں دوکانات کے مالکین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اداروں پر سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں اور احتیاطی اقدامات پر اولین ترجیح دیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ تین کیلو میٹر کے فاصلہ کی شرط کی جانچ کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے لاک ڈاؤن کے دوران 10 ہزار گاڑیوں کو ضبط کیا گیا اور تقریباً 3 لاکھ سے زائد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کئے گئے ۔ سائبرآباد میں 1200 سے زائد لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ غیر ضروری باہر گھومنے والوں کی گاڑیوں کی رہائی بہت مشکل ہوجائے گی ۔ لاک ڈاؤن کے بعد گاڑیوں کو فوری طور پر حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ عدالت کے چکر کاٹنے پڑیں گے ۔ انہوں نے غیر ضروری مکانات سے باہر نہ آنے کی تاکید کی اور کہا کہ اشیاء ضروریہ و ترکاری کی خریداری کیلئے آن لائین سائٹ کا استعمال نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین سرویس ، زوماٹو ، سیوگی و دیگر ایپس کو بند کردیا گیا اور فوڈ ڈیلیوری کے پیامات اور پیشکش پر بھروسہ نہ کریں۔ چونکہ ایسے وقت سائبر کرائم کی جانب سے دھوکہ دیا جاسکتا ہے ۔ ہوٹلوں کو کھلا رکھنے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ اور نہ ہی ٹیک اوے کی اجازت رہے گی ۔ انہوں نے عوام سے لاک ڈاؤن پر عمل کرنے اور سرکاری مشنری کے ساتھ تعاون کرنے کیک اپیل کی ۔