حیدرآباد 25 اپریل (یو این آئی) تلنگانہ کے وزیر بی سی ویلیفرگنگولہ کملاکر نے کہا ہے کہ 7مئی کے بعد کریم نگر ضلع فری زون میں تبدیل ہوجائے گاجہاں بڑے پیمانہ پر کورونا وائرس کے معاملات درج کئے گئے تھے ۔ضلع میں اس موذی وائرس کی صورتحال کا اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران عوام کا تعاون ناقابل فراموش ہے ۔انہوں نے کہاکہ گھروں میں ہی محدود رہتے ہوئے اس وائرس کو کنٹرول کیاجاسکتا ہے جس کی کوئی دوا نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ رمضان کے دوران مسلم مذہبی اسکالرس کو چاہئے کہ وہ تعاون کریں۔انہوں نے گھروں میں ہی محدود رہنے کی درخواست کی۔گھروں کے قریب ہی پھل اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔ریاست میں اب تک 13لاکھ میٹرک ٹن اجناس لائی جاچکی ہیں۔اجناس کی خریداری کے لئے مراکز کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ۔کسانوں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو نہ جلائیں۔حکام کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ نمی والی اجناس بھی حاصل کریں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو وزیراعلی کے چندرشیکھر راو پر بھروسہ ہے ۔انہوں نے لاک ڈاون کے دوران اسی طرح کا تعاون جاری رکھنے کی عوام سے درخواست کی۔
