عوام ایک دوسرے سے فاصلہ کو برقرار رکھیں ، ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس
نارائن پیٹ /25 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی نارائن پیٹ محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنیا آئی پی ایس نے آج اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہوگا اور ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بالخصوص ترکاریاوں کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف گرفتاری کا بھی اشارہ دیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ سرکاری حکمنامہ کا لحاظ رکھیں ۔ اگر ضروری ہوتو وہی صرف ایک آدمی باہر نکلے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے احکامات کی روشنی میں کہا کہ شام 7 بجے تا صبح 6 بجے ٹاون میں کرفیو ہوگا اگر عوام اس کا لحاظ نہیں رکھیں گے تو 24 گھنٹے کا کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے عوام کو کہا کہ ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھیں ۔ انہو ںنے تاجروں سے کہا کہ اپنے دوکانات پر اشیاء کی قیمتوں کا بورڈ آویزاں کریں ۔ ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ کرفیوں کے اوقات میں کوئی اس کی خلاف ورزی کرے گا تو دیکھتے ہی گولی مار دو کے احکامات نافذ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کسی بھی قسم کی سفارش نہیں سنی جائے گی ۔ انہوں نے نارائن پیٹ ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کا تعاون کرے اور حالات کی مناسبت سے حکومت کی اپیلوں کا پاس لحاظ رکھیں ۔ انہوں نے نارائن پیٹ ضلع پولیس کی ستائش کی کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ۔