لاک ڈاؤن کے دوران مؤثر خدمات انجام دینے والے صحافی نظر انداز

   

بی جے پی مہیلا ضلع صدر عادل آباد سہاسنی ریڈی کی چیف منسٹر پر شدید تنقید
عادل آباد۔/23مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران محکمہ پولیس، صحت، ریونیو عہدیداروں کے ساتھ شانہ بہ شانہ خدمت انجام دینے والے میڈیا نمائندوں کو نظر انداز کرنے پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر سخت تنقید کرتے ہوئے بی جے پی مہییلا ضلع عادل آباد صدر و ریاستی سکریٹری شریمتی سہاسنی ریڈی نے دیگر افراد کی طرز پر میڈیا نمائندوں کو بھی حکومت کی جانب سے امداد فراہم کرنا لازمی قرار دیا۔وہ اپنی قیامگاہ پر میڈیاسے مخاطب تھیں۔اس موقع پر میڈیا نمائندوں کی خدمات کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دو ماہ کے دوران میڈیا نے حکومت کی جانب سے جاری مختلف اسکیمات کو عوام تک پہنچایا۔ کورونا وائرس جیسی خطرناک جان لیوا عالمی بیماری کو نظرانداز کرتے ہوئے ہر وقت عوام اور حکومت کے درمیان اپنے آپ کو پیش کیا ۔ ایسی صورت میں میڈیا نمائندوں کو فی کس 25ہزار روپئے ریاستی حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ شریمتی سہاسنی ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستی حکومت کو خاطر خواہ امداد فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے ریاست میں شراب نوشی کو عام کرنے ، عبادت گاہوں میں عبادت پر پابندی لگانے پر بھی چیف منسٹر پر سخت تنقید کی اور کہاکہ عبادت ہی واحد ہتھیار ہے جس سے ہر بیماری کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔