عادل آباد میں 4800 ای پاسیس کی اجرائی ۔ انچارج ضلع ایس پی راجیش چندرا کا خطاب
عادل آباد : کووویڈ ۔ 19 کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے دوران پولیس خدمات کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے عادل آباد انچارج ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے پولیس کی جانب سے میڈیا نمائندوں کو بھرپور تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ موصوف مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ چوک پر میڈیا نمائندوں سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انھوں نے کہاکہ تاحال 4800 ای پاسیس جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کو نظرانداز کرنے والے افراد کے خلاف کیسیس درج کئے گئے ہیں۔182 موٹر سیکل، چار عدد آٹو رکشا ، دو عدد کار کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن نرمی کے اوقات میں صبح 6 تا 10 بجے تک اپنی ضروریات زندگی کی تکمیل کے لئے خرید و فروخت کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ جہاں ایک طرف وبا ہے وہیں دوسری طرف لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا ۔ قبل ازیں تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹ کے قائد مسٹر پی رمیش نے ضلع ایس پی سے گفت و شنید کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو پولیس کی جانب سے ہراساںکرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ پولیس کے اس رویہ کے بنا پر میڈیا نمائندوں کو خبروں کا حاطہ کرنے میں دشواری پیدا ہورہی ہے ۔ جس پر ضلع ایس پی نے میڈیا نمائندوں کو کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھیں اور پولیس کا تعاون کریں۔ اس موقعہ پر صحافتی برادری کے مسرس حمیداﷲ انور ، شاہد احمد توکل ، حافظ خضر یافعی ، عصمت علی ، شیخ معز اور محبوب خان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔