حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) شہر کی مشہور کراچی بیکری میں سرقہ کی واردات پیش آئی جس میں سارقوں نے نقد رقم کا سرقہ کیا۔ مصروف ترین علاقہ معظم جاہی مارکٹ علاقہ میں واقع بیکری کے روبرو لاک ڈاؤن کے لئے خصوصی چیک پوسٹ بھی قائم کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی سرقہ کی واردات رونما ہونا پولیس کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم سارقین نے بیکری کے عقبی شٹر کو نقصان پہنچاکر اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود نقد رقم کا سرقہ کرلیا ۔ اس بات کی اطلاع فوری بیگم بازار پولیس کو دی گئی جس کے نتیجہ میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس عابڈس بھکشم ریڈی اورانسپکٹر بیگم بازار مدھو موہن ریڈی وہاں پہنچ کر بیکری کا معائنہ کیا۔ بیکری کے مالک نے ابتداء میں پولیس سے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ کیاش کاؤنٹر سے 10 لاکھ روپئے کا سرقہ ہوگیا ہے لیکن پولیس کی جانب سے تمام لاکرس کا معائنہ کرنے پر 9 لاکھ 60 ہزار نقد رقم وہیں پر برآمد ہوئی جبکہ تقریباً 50 ہزار روپئے کا سرقہ کرلیا گیا ہے۔ مقام واردات پر سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا تھا اور وہاں سے انگلیوں کے نشانات کے نمونے حاصل کئے گئے۔ اے سی پی عابڈس بھکشم ریڈی نے بتایا کہ بیکری کا بلک آرڈر ہونے پر 21 اپریل کو انتظامیہ نے بیکری کھولی تھی اور آج بھی بلک آرڈر ہونے کے نتیجہ میں بیکری کھول کر اندر داخل ہونے پر سرقہ کا پتہ لگا ہے۔