بی بی نگر میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کا دورہ، مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے واضح کیا ہے کہ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریاستیں لاک ڈاؤن کے نفاذ کیلئے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔ کشن ریڈی نے بی بی نگر میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کا دورہ کیا اور وہاں انفرا اسٹرکچر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن کی سربراہی کو باقاعدہ بنانا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مرکزی حکومت تمام ریاستوں کو درکار آکسیجن سربراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی طیاروں کے ذریعہ بیرونی ممالک سے آکسیجن حاصل کی جارہی ہے تاکہ قلت کا مسئلہ فوری حل ہو۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریاستوں کو آبادی کے اعتبار سے آکسیجن الاٹ کی جارہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے بچاؤ کیلئے قواعد پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو کورونا کے علاج کو آروگیہ شری کے تحت شامل کرتے ہوئے غریبوں کی مدد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی بلیک میں فروخت پر قابو پانے کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی بی نگر کا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس انفرااسٹرکچر کے لحاظ سے مکمل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے حیدرآباد، پونے اور گجرات میں فارما کمپنیوں کا شخصی طور پر دورہ کرتے ہوئے ویکسین کی تیاری کا جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز ویکسین اور آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔