لاک ڈاؤن یا نائٹ کرفیو کی کوئی تجویز نہیں

   

عوام افواہوںپر توجہ نہ دیں، صرف احتیاط کریں : وزیر صحت
حیدرآباد : ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاست میں لاک ڈاؤن یا نائٹ کرفیو نافذ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ صرف احتیاطی اقدامات ضروری ہیں ۔ حکومت کی جانب سے وباء پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیرصحت نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اس پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ حیدرآباد کے بشمول ریاست کے تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس کے سرکاری ہاسپٹلس پر کورونا کا موثر علاج کیا جارہا ہے اور پرائمری ہیلت سنٹرس پر بھی عوام کو کورونا ٹیکہ دیا جارہا ہے ۔ ہاسپٹلس میں آکسیجن پر مشتمل بیڈس کو تیار رکھا گیا ہے ، طبی عملہ کی رخصت منسوخ کردی گئی ہے ۔ اگر کہیں عملہ کی قلت ہے تو وہاں عارضی عملہ کا تقرر کرنے کے بھی اختیارات دیئے گئے ہیں ۔ کورنٹائن سنٹرس کا بھی آغاز کیا گیا ہے ۔ ہاسپٹلس میں ضرورت کے مطابق ادویات دستیاب رکھی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر حالت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ بھی محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں اور ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس سے رابطہ میں ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے بشمول جن اضلاع میں کورونا کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ان پر سخت نگاہ رکھی جارہی ہے ۔ متاثرین کے رابطوں کا پتہ چلایا جارہا ہے ۔ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر ٹیکہ اندازی کی مہم چلائی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر صحت نے45سال مکمل کرنے والے تما م شہریو ں سے کورونا ویکسین لینے کی اپیل کی اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کا مشورہ دیا ۔ عوام صرف احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ کووڈ ۔ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں ، ضرورت کے مطابق ہی گھرو ں سے باہر نکلیں‘ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر جانے سے گریز کریں ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ، لازمی طور پر ماسکس کا استعمال کریں اور وقفہ وقفہ سے سینیٹائزر کا استعمال کریں ۔