نئی دہلی ۔3 / مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہلک کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کیلئے ملک گیر لاک ڈاؤن ۔3 کا پیر سے آغاز ہوگا جو /17 مئی تک جاری رہے گا ۔ حکومت نے لاک ڈاؤن ۔3 کے دوران زونس کے اعتبار سے کچھ رعایتیں دی ہیں لیکن کنٹینمنٹ علاقوں میں پابندیاں برقرار رہیں گی تاکہ تاحال لاک ڈاؤن کے ذریعہ جو کچھ حاصل کیا گیا ہے وہ متاثر نہ ہو ۔ لاک ڈاؤن ۔3 کے دوران ایرٹراویل ، ٹرین سرویس اور بعض دیگر سرگرمیوں پر مکمل امتناع عائد رہے گا ، حکومت نے لیکن مختلف بزنس سرگرمیوں اور عوام کی نقل و حرکت کیلئے ایسے علاقوں میں بعض رعایتیں دی ہیں جہاں محدود یا کوئی بھی کووڈ۔19 کیس پایا نہیں گیا ہے ۔ /3 مئی کے بعد مزید دو ہفتوں کیلئے لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ مہلک وائرس کے ٹسٹ میں روز بہ روز عوام کی بڑھتی تعداد مثبت پائے جانے کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔ میٹرو سٹیز میں انفیکشن زیادہ پھیلا ہوا ہے جبکہ ملک گیر سطح پر متاثرین کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 1300 سے زیادہ لوگ فوت ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ابتداء میں 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن /25 مارچ سے شروع کیا تھا جس میں دو ہفتہ کی توسیع کی گئی تھی ۔ وزارت امور داخلہ نے کہا کہ شراب کے اسٹورس اور پان کی دوکانات کو گرین زونس میں کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ وہاں ایک دوسرے کے درمیان 6 فٹ کے فاصلہ کو یقینی بنانا پڑے گا اور یہ بھی خیال رکھنا ہوگا کہ شاپ پر ایک وقت میں 5 افراد سے زیادہ جمع نہ ہوں ۔ یہ بڑی چھوٹ ہے کیونکہ شراب سے آبکاری کے محکمہ کو بڑا مالیہ فراہم ہوتا ہے اور مسلسل ڈھلتی معیشت کو ایک مضر چیز سے ہی صحیح کچھ جہت مل سکتی ہے۔
تمام بڑے اربن سنٹرس بشمول دہلی اور ممبئی کی شناخت ریڈ زونس کے طورپر کی گئی ہے جنہیں ایسے علاقے کہا جاسکتا ہے جہاں بڑی تعداد میں کورونا وائرس کے مثبت کیس موجود ہیں ۔ اس لئے وہاں کوئی نرمی دینے کا سوال پیدا نہیں ہوتا ہے ۔خصوصی ٹرینیں مختلف ریاستوں میں پھنسے دیگر ریاستوں کے ورکرس کو ان کے آبائی مقامات تک پہونچانے کیلئے چلائی جارہی ہیں ۔ وزارت داخلی امور کے مطابق ملک بھر میں جن سرگرمیوں پر پابندی رہے گی ان میں بین ریاستی حمل و نقل ، اسکولس ، کالجس ، دیگر تعلیمی ادارے ، ٹریننگ و کوچنگ انسٹی ٹیوٹس ، ہاسپٹلٹی سرویس بشمول ہوٹل و رسٹورنٹ شامل ہیں ۔ سنیما ہالس ، مالس ، جمس ، اسپورٹس کامپلکس کے علاوہ سماجی ، سیاسی ، تہذیبی و دیگر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی رہے گی ۔ مذہبی مقامات بھی اس فہرست میں شامل ہے ۔ کنٹینمنٹ علاقوں کے سواء تمام زونس میں ضروری اشیاء کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کی بھی صبح 7 تا شام 7 بجے کے درمیان ہی اجازت دی گئی ہے ۔ تمام زونس میں 65 سال سے زیادہ اور 10 سال سے کم عمر بچوں کو گھروں پر رہنے کی ہی تاکید کی گئی ہے ۔ جن سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے ان میں او پی ڈی اور میڈیکل کلینکس تمام زونس میں چلائے جاسکتے ہیں لیکن سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا ۔ اشیاء اور سامان لے جانے والی ٹریفک کو اجازت دی گئی ہے ۔ کوئی بھی ریاست یا مرکز کے زیرانتظام علاقوں ، کارگو سرویس حمل و نقل کو روکنے کا مجاز نہیں ہوگا ۔ حکومت نے ریڈ، آرینج اور گرین زونس کے مطابق رعایتیں اور پابندیاں عائد کی ہیں ۔