اعظم پورہ کے سلم علاقے میں اناج کی تقسیم، رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ لاک ڈائون سے پریشان حال غریبوں کی مدد کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ وائٹ راشن کارڈ رکھنے والے خاندان کے لیے ایک ماہ کے اناج کا اعلان کیا گیا اس کے علاوہ ایسے افراد جن کے پاس کارڈ نہیں ہیں انہیں بھی اناج اور رقمی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر داخلہ آج پرانے شہر کے اعظم پورہ علاقے کے موسیٰ نگر سلم میں غریبوں میں اناج تقسیم کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے ذاتی خرچ سے سلم بستیوں میں اناج کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لاک ڈائون سے پریشان حال خاندانوں کو راحت ملے۔ آج تقریباً 300 خاندانوں میں اناج کے پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ منظم انداز میں تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے غریبوں کے مکانات پر پہلے ٹوکن حوالے کئے گئے جس کی بنیاد پر انہیں اناج سربراہ کیا گیا۔ لہٰذا انہوں نے اعظم پورہ کے اطراف و اکناف کی سلم بستیوں میں اناج کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون میں توسیع کے امکانات ہیں۔ محمود علی نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں علاقے کے دیگر سلم بستیوں میں تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔ جنرل سکریٹری گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس محمد اعظم علی خرم اور ٹی آر ایس کے یوتھ لیڈر محمد فرقان احمد نے تقسیم کے عمل میں وزیر داخلہ کی اعانت کی۔ وزیر داخلہ نے ان دونوں کو ذمہ داری ہے کہ وہ باقی سلم علاقوں میں حقیقی غریب خاندانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان تک اناج پہنچائیں۔