لاک ڈائون میں توسیع کے بعد غذائی اجناس کی سربراہی کو یقینی بنائیں

   

وی ہنمنت رائوکا چیف منسٹر کو مکتوب، ڈاکٹر امبیڈکر جینتی کی اجازت دینے کی اپیل
حیدرآباد۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لاک ڈائون کی توسیع کی صورت میں عوام کو چاول، گیاس، دالیں اور دیگر غذائی اجناس کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ ہنمنت رائو نے لاک ڈائون میں توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے لاک ڈائون میں توسیع واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ عوام لاک ڈائون کے نتیجہ میں غذائی اجناس سے محروم ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریبوں تک غذائی اجناس کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی آڑ میں تاجروں نے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا ہے۔ خاص طور پر دالوں، چاول، تیل کی قیمت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت نے اضافی قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہ عوام پر مزید بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں پر قابو پانے کے قدم اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چاول، پکوان گیاس، تیل، دالوں اور دیگر اشیاء کی سربراہی کا انتظام ہو۔ راشن شاپس پر ہر غریب کو اناج فراہم کیا جائے تاکہ کوئی خاندان بھوکا نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں رام نومی کے موقع پر حکومت نے کلیانم پوجا میں شرکت کے لیے 60 افراد کو اجازت دی ہے۔ 11 اپریل کو مہاتما جوتی رائو پھولے اور 14 اپریل کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی تقاریب ملک بھر میں منائی جاتی ہیں۔ حکومت نے جینتی تقاریب انعقاد کی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ وہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی تنظیموں کو محدود تعداد میں شریک ہوکر جینتی تقاریب منانے کی اجازت دے۔ ان عظیم شخصیتوں کی جینتی تقاریب کو روکا نہیں جاسکتا۔ تاہم سائونڈ سسٹم اور سجاوٹ سے گریز کیا جانا چاہئے۔