لاک ڈائون پر عمل آوری میں مرکزی وزیر نے تلنگانہ کی ستائش کی

   

Ferty9 Clinic

ریاستی وزیر سرینواس یادو سے مرکزی وزیر گری راج سنگھ کی بات چیت
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیر افزائش مویشیان گری راج سنگھ نے ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ میں لاک ڈائون کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ سرینواس یادو نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے تلنگانہ کابینہ نے 7 مئی تک لاک ڈائون میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ مرکزی حکومت نے 20 اپریل سے جن رعایتوں کا اعلان کیا تھا، ان پر تلنگانہ میں عمل نہیں ہوگا۔ لاک ڈائون پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگی کے تحفظ کے لیے کے سی آر نے لاک ڈائون میں توسیع کی ہے۔ سرینواس یادو نے بتایا کہ ریاست میں مچھلی، گوشت اور جانوروں کے چارے کی تقسیم کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں تاکہ عوام کو مچھلی، گوشت، انڈے، دودھ اور جانوروں کا چارہ ضروری مقامات تک سربراہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں سرگرم ہے۔ سرینواس یادو نے حکومت کی جانب سے کورونا کے خلاف لڑائی میں مصروف سرکاری ملازمین کو گلفس، ماسک اور سینیٹائزرس کی سربراہی سے واقف کرایا۔ گری راج سنگھ نے لاک ڈائون پر عمل آوری اور احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی ستائش کی۔