حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن پروین کمار نے محکمہ جات جی ایچ ایم سی، پولیس اور صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ لاک ڈائون پر عمل آوری کے سلسلہ میں باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کی متحدہ اور مشترکہ مساعی کے ذریعہ وائرس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ جی ایچ ایم سی حدود میں جن علاقوں کی ریڈ زون کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے وہاں خصوصی توجہ دی جائے اور میڈیکل ٹیموں کے ذریعہ معائنے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقام پر ہجوم کی اجازت نہ دی جائے ، چاہے وہ راشن شاپس ہوں یا پھر بینکس، پروین کمار نے گھر گھر ضروری اشیاء کی سربراہی یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔ اس سلسلہ میں عوام پولیس سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم میں عہدیدار 24 گھنٹے عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ کنٹینمنٹ علاقوں میں زونل آفیسرس کو ایمبولنس اور دیگر سہولتوں کے ساتھ متعین کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کریں اور ساتھ ہی ساتھ عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔
