گھومنے والوں کی سرزنش، سختی سے عمل کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ریاست بھر میں اعلان کردہ لاک ڈائون پر موثر عمل آوری کے لیے ریاستی وزراء میدان عمل میں کود پڑے ہیں۔ وزیر ایکسائز و سیاحت سرینواس گوڑ نے آج محبوب نگر میں پولیس کے ساتھ سڑک پر نکل کر غیر ضروری نکلنے والی گاڑیوں کو روک کر سرزنش کی۔ پولیس کی لاٹھی ہاتھ میں تھامے ہوئے سرینواس گوڑ نے پولیس عہدیدار کی طرح گاڑیوں کو روک کر بات چیت کی۔ زیادہ تر ٹو وہیلرس کسی کام کے بغیر ہی گھوم رہے تھے۔ وزیر نے انہیں واپس جانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عوام اور تاجروں سے بھی اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون میں حصہ لیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے درمیان نکل کر شعور بیدار کریں اور لاک ڈائون کی اہمیت سے واقف کرائیں۔ پولیس عہدیدار کی طرح لاٹھی لے کر عوام کو متنبہ کرنے پر خود پولیس ملازمین حیرت سے دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے کئی علاقوں میں گھوم کر غیر ضروری پھرنے والے افراد کو پابند کیا۔ ان کے ہمراہ ٹی آر ایس قائدین اور پولیس کے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ اسی دوران سرینواس گوڑ نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور ہدایت دی کہ لاک ڈائون پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریاست کی بھلائی میں فیصلے کررہے ہیں جن کی پابندی کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگادی اور کسی اور تہوار کے نام پر عوام کو گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر شخص اپنی سماجی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے خود کو گھر تک محدود کرلیں۔ کورونا وائرس کا علاج صرف احتیاط ہے اور ہمیں 14 دنوں تک خود کو گھر میں بند رکھتے ہوئے وائرس کے پھیلائو کو روکنا چاہئے۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبح 10 بجے کے بعد ہر گھر سے ایک فرد خریداری کے لیے باہر نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گروپ کی شکل میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ محبوب نگر میں ممبئی، پونے اور دیگر ریاستوں سے 3 تا 4 ہزار افراد منتقل ہوئے ہیں۔ 350 افراد بیرونی ممالک سے واپس ہوئے ہیں۔ ان میں کورونا وائرس کا پتہ چلانے کے لیے لازمی ٹسٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر میں ابھی تک صورتحال قابو میں ہے۔ اگر احتیاطی اقدامات جاری رہیں تو تلنگانہ کو کورونا سے بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے 3 رعیتو بازار کھولے جائیں گے جہاں ترکاری اور دیگر اشیاء دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کسانوں کو پیداواری اشیاء کی فروخت کے لیے حکومت کی جانب سے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کل اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔
