لاک ڈائون کے دوران امدادی اجناس واشیاء کاصحیح استعمال

   

Ferty9 Clinic

عیدو رمضان سادگی سے منانے سماجی قائد شاہین نواز خان کی اپیل

گلبرگہ /10 مئی (سیاست ڈاٹ کام ممتاز سماجی کارکن مسٹر شاہین نواز خان شاہین کے صحافتی بیان کے بموجب گلبرگہ شہر میں کرونا وائیریس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے گزشتہ دومہینوں سے جو لاک ڈائون جاری ہے اس کے سبب غریب اور محنت کش عوام نہایت پریشان ہیں ۔ انھوں نے کہا ہے کہ کرونا کے سبب جہاں ضلع گلبرگہ میں اب تک 70افراد متاثر ہوچکے ہیں اور ان میں سے چھ کا انتقال ہوچکا ہے ، اس طرح وائیریس نے سارے ضلع کے عوام میں زبردست خوف طاری کردیا ہے۔ ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈائون میں کچھ رعایتیں دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا لیکن صرف ایک دن بعد ہی رعایتیں دینے کا یہ اعلان واپس لے لیا گیااور سارے ضلع میں پھر سے لاک ڈائون کی وہی صورت حال ہوگئی جو گزشتہ دو مہینوں سے زائد عرصہ سے چل رہی ہے۔ اس دوران الحاج الیاس سیٹھ باغبان ، سابق صدر این ای کے ایس آر ٹی سی نے شہر کے مختلف محلوں میں اپنی جانب سے روزانہ اجناس و کرانہ اشیاء کی تقسیم کے علاوہ تیار غذائی پارسل بھی مستحق عوام میں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ ان کے علاوہ مسٹر نعیم خان صدر روضہ ویلفیر اسو سی ایشن، گلبرگہ شہر بھر میں روزانہ راشن اور ترکاریوں کے کٹس عوام میں تقسیم کررہے ہیں ۔ اسی طرح مولانا محمد نوح صدر انڈئین یونئین مسلم لیگ بھی نیا محلہ گلبرگہ میں مستحق لوگوں میں اجناس تقسیم کررہے ہیں ۔ مسرز ناصر حسین استاد صدر قائد جنتا دل سیکولر، ڈاکٹرمحمد اصغر چلبل ، جناب وہاج بابا ایڈوکیٹ،عبدالرحیم مرچی وغیرہ کے علاوہ کئی ایک شہر کے اہل خیر حضرات اس مشکل کی گھڑی میں ضرورت مندوں کی مدد کررہے ہیں ۔ مسٹر شاہ نواز خان شاہین نے کہا کہ گلبرگہ میں جہاں بھی سیاسی طور پر اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے ساتھ نا انصافیاں ہورہی ہیں ان کے خلاف ان دنوں مسرز الیاس سیٹھ باغبان ، ناصر حسین استاد، محمد اصغر چلبل ، وہاج بابا ایڈوکیٹ اور عبدالرحیم مرچی وغیرہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ حالیہ لاک ڈائون کے دوران یہی قائیدین ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھی بڑھ چڑھ کر تعاون کرتے رہے ہیں ۔انھوںنے گلبرگہ کے عوام سے اپیل کی کہ ان دنوں جو لوگ بھی مستحق عوام میں راشن اور ضروری اشیاء تقسیم کررہے ہیں ، ان کا استعمال احتیاط کے ساتھ کریں کیوں کہ پتہ نہیں یہ لاک ڈائون اور کرونا کا یہ وائیریس کب ختم ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ شہر میں بعض افراد امدادی اجناس و اشیاء سے ناجائز فائیدہ اٹھاتے ہوئے انھیں نصف قیمت پر دوکانداروں کو فروخت کررہے ہیں ۔ اس طرح یہ مستحق عوام کے ساتھ ناانصافی اور دھوکہ دہی ہے۔ مسٹر شاہ نواز خان شاہین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر نوجوانان و خواتین کپڑے ، جوتے و چپل ، اور غیر ضروری اشیاء نہ خریدیں ۔اپنے اڑوس پڑوس و غرباء اور مستحقین کی مالی مدد کریں ۔ انھوں نے عوام سے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ،ماسک کا استعمال کرتے ہوئے بھیڑ اور ہجوم سے بچنے کی اور کرونا وائیریس کے پھیلنے کے ذمہ دار نہ بننے کی بھی اپیل کی ۔ انھوں نے کہا ہے کہ ان نازک حالات میں اللہ کی رضا کے کے لئے اپنے سرمایہ کا غلط استعمال نہ کیا جائے ۔امام کونسل ضلع گلبرگہ کے ذمہ داران سے اپیل کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ مسجدوں کے لائوڈ اسپیکرس سے یہ اعلان کروائیں کہ مسلمانان عید رمضان نہایت سادگی کے ساتھ منائیں ۔