الیکٹریشن، پلمبرس اور میکانکس کو کام کی اجازت، پولٹری، میٹ اور فش شاپس کھلے رہیں گے
ماسک کا استعمال لازمی، ہائی ویز پر دھابوں کی اجازت
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں لاک ڈائون کی مدت میں 3 مئی تک توسیع کے بعد مرکز نے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں تاکہ لاک ڈائون پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ نئے شرائط کے مطابق تمام مذہبی مقامات عوام کے لیے بند رہیں گے۔ مذہبی تقاریب کے انعقاد پر سختی سے پابندی رہے گی۔ انتقال کی صورت میں 20 سے زائد افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام سماجی، سیاسی، اسپورٹس، تفریحی، تعلیمی، تہذیبی اور مذہبی تقاریب اور اجتماعات پر پابندی رہے گی۔ سینما ہال، شاپنگ کامپلکس، جمنازیم، اسپورٹس کامپلکس، سویمنگ پولس، انٹرٹینمنٹ پارکس، تھیٹرس، بارس اور آڈیٹوریمس بند رہیں گے۔ ٹیکسی بشمول آٹو رکشا اور سائیکل رکشا کے علاوہ کیاب سرویسس پر پابندی رہے گی۔ تمام گھریلو اور بین الاقوامی پروازیں بند رہیں گی۔ مرکزی حکومت کے نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق گراسری اسٹورس، فروٹ اور ویجٹیبل شاپس بنڈیوں پر میوے کی فروخت، ملک بوتھ، پولٹری، میٹ اور فش شاپس کو لاک ڈائون کے دوران کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی۔ بینکوں کے برانچس، اے ٹی ایمس کام کریں گے۔ بین ریاستی اور بین اضلاع عوام کے سفر پر پابندی رہے گی۔ میٹرو اور بس سرویسس تین مئی تک بند رہیں گی۔ 20 اپریل سے زراعت، ہارٹیکلچر، فارمنگ، زرعی پیداوار کی خریدی اور منڈیوں کی سرگرمیوں میں بعض رعایتیں دی جائیں گی۔ فارماسویٹیکلس، طبی آلات کے علاوہ میڈیکل انفراسٹرکچر کی تیاری سے متعلق ادارے 20 اپریل سے کھلے رہیں گے۔ ہائی ویز پر موجود دھابے، ٹرک رپیرنگ شاپس، سرکاری سرگرمیوں کے لیے کال سنٹرس 20 اپریل سے کھلے رہیں گے۔ خود روزگار کے تحت کام کرنے والے الیکٹریشن، آئی ٹی رپیرس، پلمبرس، موٹر میکانکس اور کارپینٹرس کو 20 اپریل سے کام کی اجازت رہیگی۔ جن صنعتوں کو کام کی اجازت دی گئی ، انہیں ورکرس کو اپنے حدود یا متصل عمارتوں میں سماجی فاصلے کو یقینی بناکر قیام کے انتظامات کرنے ہونگے ۔ 20 اپریل سے دی جانے والی رعایتوں کا کووڈ۔19 ہاٹ اسپاٹس پر اطلاق نہیں ہوگا اور وہاں لاک ڈائون کی تمام تر پابندیاں برقرار رہیں گی۔ حکومت نے ملک بھر میں تمام عوامی مقامات پر ماسکس پہننے کو لازمی قرار دیا ہے۔