ہر ی باولی چوراہے پر ایک نوجوان کی موجودگی سے تشویش۔ پولیس عہدیدار خاموش!
حیدرآباد ۔ /16 اپریل (سیاست نیوز) پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن پر عمل آوری کیلئے رچہ کونڈہ کے علاقہ بھونگیر میں آر ایس ایس کارکنوں کو استعمال کیا گیا تھا جبکہ پرانے شہر میں بھی ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنانے پولیس میں اکثریتی فرقہ کے افراد کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ مغل پورہ ہری باؤلی چوراہے پر آج پولیس کے ایک حامی نے وہاں سے گزرنے والے ایک طبقہ کے افراد کی گاڑیاں ضبط کرانے میں اہم رول ادا کیا اور لاٹھیوں سے زدوکوب بھی کیا ۔ خانگی افراد کی پولیس پکٹس پر تعیناتی کی بات عام ہوتے ہی عوام برہم ہوگئی اور اس بات کا پتہ لگانے ہجوم کی شکل میں بعض افراد پولیس چیک پوسٹ پہونچ کر پولیس کے اس رویہ کے بارے میں دریافت کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ نکلیش جو پولیس کا حامی ہے نے پولیس چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں کی مدد کرتے ہوئے وہاں سے گزرنے والے مغل پورہ کے نوجوانوں کی لاٹھیوں سے پٹائی کی ۔ مقامی عوام نے نکلیش کی شناخت کرلی اور پولیس کی جانب سے چیک پوسٹس پر خانگی افراد کی خدمات حاصل کرنے پر اعتراض کیا ۔ پرانے شہر کے علاقہ مغل پورہ اور میر چوک میں مقامی عوام کو لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے نام پر مسلسل ہراساں کرنے کی اطلاعات ہیں ۔ متعلقہ سینئر عہدیدار خاموش ہیں ۔ ہری باؤلی پولیس چیک پوسٹ پر خانگی افراد کی موجودگی پر اعتراض کرنے اور متعلقہ عہدیداروں کے علم میں اس بات کو لانے پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔