فلک نما میں دن دھاڑے نوجوان کا قتل ۔ سارے علاقے میں سنسنی ۔ پولیس واقعات پر قابو پانے میں ناکام
حیدرآباد۔ لاک ڈاؤن پر عمل اور پولیس کی گشت کے باوجود پرانے شہر میں سنگین وارداتیں رونما ہوتی جارہی ہیں جس سے عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ فلک نما علاقہ میں قتل کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں اور پولیس کی کارروائی اور موجودگی بے اثر ثابت ہورہی ہے۔ایسی وارداتوں سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے اور ایسے وحشیانہ واقعات سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے سے عوام تشویش کا شکار ہیں۔ حالانکہ لااینڈ آرڈر کے علاوہ پولیس کے دیگر شعبے جیسے ٹاسک فورس وغیرہ ہیں لیکن جرائم کی روک تھام میں ناکام ہورہے ہیں۔ آج قتل کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان کا دن دھاڑے قتل کردیا گیا۔ 27 سالہ شاہ رخ ساکن مصطفی نگر میلار دیو پلی کا آج فلمی انداز میں گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہ رخ اپنے دوست کی ایکٹیوا پر روانہ ہوا تھا اور خاطی بھی اس کی گاڑی پر سوار تھا۔ شاہ رخ جیسے ہی ستار ہوٹل انجن باؤلی پہنچا عقبی سیٹ پر سوار خاطی نے شاہ رخ کا چلتی گاڑی پر چاقو سے گلا کاٹ دیا۔ اس حملہ کے بعد نوجوان گاڑی سے گر پڑا اور کچھ دور دوڑنے لگا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس فلک نما نے پہنچ کر نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا۔ معلوم ہوا کہ شاہ رخ کی شادی 7 سال قبل ہوئی تھی لیکن اس کے خلاف پوکسو کا مقدمہ درج تھا اور اسے جیل بھیج دیا گیا تھا ۔ چند ماہ قبل وہ رہا ہوا تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ کسی لڑکی کے معاملہ میں شاہ رخ کا قتل کیا گیا ہے۔ تحقیقات میں ایک سی سی ٹی وی فوٹیج ہاتھ لگا ہے جس میں یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عقبی سیٹ پر بیٹھنے والے حملہ آور نے ہی شاہ رخ کا گلا کاٹا۔
