لاک ڈاون سے پریشان حال خاندانوں کی مدد کیلئے کانگریس سرگرم

   

دہلی سے حیدرآباد میں مقیم جھارکھنڈ کے خاندانوں کی مدد کی سفارش
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) ملک بھر میں لاک ڈاون سے پریشان حال خاندانوں کی مدد کے لئے کانگریس پارٹی نے قومی اور ریاستی سطح پر کنٹرول روم قائم کئے ہیں۔ عوام کی جانب سے ربط قائم کرتے ہوئے مسائل سے واقف کرایا جارہا ہے ۔ اے آئی سی سی کنٹرول رول کی جانب سے ریاستوں میں قائم کردہ کنٹرول رومس سے بہتر تال میل کے نتیجہ میں کئی غریب خاندانوں کی امداد ہوسکی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو حیدرآباد میں مقیم جھارکھنڈ کے 109 افراد کی فہرست روانہ کی گئی جو لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پریشان حال ہے ۔ اناج ، غذا اور دیگر سہولتوں کی کمی کے نتیجہ میں جھارکھنڈ کے یہ افراد نے یہ آئی سی سی کو شکایت کی تھی۔ کنٹرول روم سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین اور صدرنشین گریٹر حیدرآباد میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ نے شخصی طور پر متاثرین سے ملاقات کی اور غذا کے علاوہ 10 دن کے لئے راشن اور ترکاریوں کا انتظام کیا۔ سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی ومشی چندر ریڈی نے اے آئی سی سی کو حیدرآباد میں جاری امدادی سرگرمیوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے گریٹر حیدر آباد میناریٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کاروان اور دیگر اسمبلی حلقہ جات میں اناج اور غذا کی تفصیلات روانہ کی ہے ۔ عوام کی جانب سے ربط پیدا کرنے پر دور دراز کے علاقوں میں بھی غذا اور اناج کی سربراہی کا انتظام کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گاندھی بھون میں قائم کردہ کنٹرول روم کو نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع سے بھی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ کنٹرول روم کے ذمہ دار شکایات کو متعلقہ اضلاع اور شہر کے ان قائدین سے رجوع کر رہے ہیں جو ریلیف کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ اس دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ریاست بھر میں پارٹی کارکنوںنے اپیل کی کہ وہ غریبوں کی امداد کے لیے آگے آئیں ۔ انہوں نے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے حیدرآباد میں اناج ، غذا اور ترکاری کی تقسیم کو سراہا ۔۔