لاک ڈاون :موبائیل ریتو بازاروں کا آغاز

   

عوام کو سہولت اور سماجی فاصلہ کی برقراری پر توجہ کے اقدامات
حیدرآباد 29 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاستی وزیر اگریکلچر و مارکٹنگ ایس نرنجن ریڈی نے محکمہ زراعت و مارکٹنگ کے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ترکاریوں کی خریدی کیلئے باہر آنے والے عوام کے ایک مقام پر زیادہ ہجوم کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ ترکاریاں شہر میں 63 گاڑیوں کے جملہ 109 علاقوں میں فروخت کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائیل ریتو بازاروں کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو اگر ترکاریوں کی ضرورت ہو تو انہیں زیادہ دور تک سفر کرنا نہ پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ موبائیل ریتو بازاروں کے آغاز سے عوام کو فائدہ ہوگا ۔ سماجی دوری برقرار رکھنے کے مشورہ پر عمل ہوسکے گا اس کے علاوہ عوام تازہ ترکاریاں حاصل کرسکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ جو موبائیل ریتو بازار شروع کئے گئے ہیں وہ مقامی پولیس کی مدد سے کھلے مقامات پر رکھے جائیں گے اور وہاں سماجی فاصلے برقرار رکھنے پر خاص توجہ دی جائیگی ۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ زراعت جناردھن ریڈی اور مارکٹنگ محکمہ کے ڈائرکٹر لکشمی رائے نے کہا کہ محکہ کی جانب سے اس سلسلہ میں پہلے ہی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ موبائیل ریتو بازاروں کے علاوہ بوئن پلی ‘ ایل بی نگر ترکاری مارکٹوں کو بھی عوام کی سہولت کیلئے کھلا رکھا گیا ہے ۔