٭ دوکاندار و تاجرین 9.30 بجے تجارت بند کردیں‘ 10 بجے تک گھر واپسی لازمی
٭ اشیائے ضروریہ منتقل کرنے والی گاڑیوں پر تحدیدات ‘ رات میں اجازت
٭ ضبط شدہ گاڑیاں لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد ہی واپس کی جائیں گی
٭ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کی میڈیا سے بات چیت ‘ لاک ڈاون کا جائزہ
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں لاک ڈاون پر عمل آوری میں بہت سختی اختیار کرلی گئی ہے ۔ بھاری جرمانہ اور گاڑیوں کو ضبط کرنے کے بعد اب گڈس گاڑیوں پر بھی تحدیدات عائد کردی گئیں ہیں ۔ اس کے علاوہ ریاست کے تمام بڑے شہروں میں داخلے بند کردئیے جائیں گے ۔ ایک بستی سے دوسری بستی اور ایک شہر سے دوسرے شہر کے لیے نقل و حرکت پر مکمل پابندی لگادی جائے گی ۔ یہ بات ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے بتائی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس آج سڑک پر نکل آئے اور گریٹر حیدرآباد پر مشتمل تینوں کمشنریٹ کا دورہ کیا ۔ صبح سے جاری اپنے دورے کے دوران انہوں نے پولیس چیک پوسٹ آوٹ پوسٹ و دیگر مقامات پر لاک ڈاون کی عمل آوری کا جائزہ لیا اور متعلقہ کمشنریٹ میں کمشران پولیس کے ہمراہ دورہ کیا ۔ سڑکوں پر عوام کی نقل و حرکت اور گشت کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ ڈی جی پی کے دورے کے پیش نظر شہر میں جگہ جگہ ناکہ بندی ، چیک پوسٹ اور سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے اور ہر سڑک پر دکھائی دینے والے شہری سے وجوہات کو دریافت کیا گیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ سڑکوں پر گڈس گاڑیوں کی نقل و حرکت بہت زیادہ ہے تاہم اس وجہ سے گوڈس گاڑیوں پر تحدیدات عائد کردی جارہی ہیں اور فوری اثر کے ساتھ احکام جاری کردئیے گئے ہیں ۔ گوڈس گاڑیوں کو رات 9 بجے تا صبح 8 بجے تک لوڈنگ اَن لوڈنگ کی اجازت رہے گی ۔ اور تمام مال برداری کی ان گاڑیوں کو ان احکامات کا پابند رہنا ہوگا ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ سوائے ایمرجنسی ضرورت کے علاوہ کسی کو بھی غیر ضروری گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے دوکانداروں ، مالس اور شورومس کے ذمہ داروں ، ترکاری فروشوں کو ہدایت دی کہ وہ 9-30 بجے سے اپنی دوکانیں بند کرنے کے اقدامات کریں تاکہ 10 بجے سڑک پر کوئی دکھائی نہ دے ۔ انہوں نے غیر ضروری سڑکوں پر دکھائی دینے والوں اور مکانات سے باہر آنے والوں کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن میں ضبط شدہ گاڑیوں کو لاک ڈاؤن کے اختتام تک کسی بھی صورت جاری نہیں کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ مقدمات بھی درج کئے جائیں گے ۔ انہوں نے انڈسٹری شعبہ کے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات کے مطابق اپنے اداروں میں شفٹ سسٹم کو رائج کریں تاکہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی نہ ہو ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ریاست کے بڑے شہروں اور ٹاونس کی مکمل ناکہ بندی کردی جائے گی ۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات کے بعد ایک شہر سے دوسرے شہر کا رابطہ منقطع کردیا جائے گا ۔ شہر سے کسی کو باہر جانے اور شہر میں آنے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ صرف نیشنل ہائی ویز کے راستے کھلے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سوائے میڈیکل ایمرجنسی کے کسی بھی قسم کی اجازت نہیں رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ایسے واقعات سامنے آئے ہیں کہ پرانی پرچی سے میڈیکل ایمرجنسی کا بہانہ بناکر اکثر لوگ سڑکوں پر گھوم رہے ہیں ۔ ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے عوام سے درخواست کی کہ وہ غیر ضروری اپنے مکانات سے باہر نہ آئیں ۔ اس وبا سے مقابلہ اور اس کے خاتمہ کے لیے ہی لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے اور عوامی بھلائی کے لیے ضروری اقدامات پر ہر شہری کو ذمہ داری اپنی نبھانی چاہئے ۔ اس موقع پر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔