لاک ڈاون میں سماجی خدمت کرنے والوں کو بھی کورونا ٹیکہ

   


دوسرے مرحلہ میں احاطہ ممکن ۔ بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے تفصیلات کا حصول

حیدرآباد۔کورونا ٹیکہ اندازی کے دوسرے مرحلہ میں ان لوگوں کا بھی احاطہ کیا جائے گا جنہوں نے لاک ڈاؤن میں سماجی خدمات سے مدد کی اور غریب شہریوں تک کھانا پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شہر میں حکومت سے تعاون اور اجناس کے علاوہ کھانے کی تقسیم میں کلیدی کردار اداکرنے والوں کو بھی کورونا ٹیکہ دینے پر غورکیا جا رہاہے۔حکومت کے منصوبہ کے مطابق کورونا ٹیکہ اندازی کا آغاز طبی و نیم طبی عملہ کے علاوہ محکمہ پولیس اور بلدی عملہ کو دیتے ہوئے کیا گیا تھا لیکن حکومت کو نمائندگیوں میں بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی خدمات میں تعاون کرنے والے دیگر محکمہ جات بالخصوص آر ٹی سی عملہ کو بھی ٹیکہ اندازی کا جائزہ لیا جا رہاہے کیونکہ آرٹی سی ڈرائیورس نے ڈاکٹرس ‘ نیم طبی عملہ کی منتقلی کے علاوہ بلدی عملہ بالخصوص صفائی عملہ کی منتقلی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اسی طرح ریاست میں غیر سرکاری تنظیموں نے بھی لاک ڈاؤن میں فرنٹ وائریر کی طرح خدمات انجام دی ہیں اسی لئے غیر سرکاری تنظیموں کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔دونوں شہروں میں لاک ڈاؤن خدمات انجام دینے والی تنظیموں کی بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ اس کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے حکومت کو یہ تفصیلات روانہ کرکے خواہش کی جائے گی کہ شہر ی حدود میں لاک ڈاؤن میں خدمات انجام دینے والوں کو بھی ٹیکہ اندازی یقینی بنائی جائے تاکہ مستقبل میں کسی طرح کی آفت کی صورت میں ان تنظیموں کی جانب سے خدمات میں کوتاہی نہ کی جائے اسی لئے ان کی خدمات پر ان کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے۔ محکمہ صحت کا کہناہے کہ اگر شہر میں سماجی کارکنوں کو ٹیکہ دیا جاتا ہے تو اضلاع میں بھی ٹیکہ اندازی کیلئے درخواستیں مل سکتی ہیں ۔