لاک ڈاون میں غریبوں کی مدد پر زور:ثانیہ مرزا

   

نئی دہلی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کی خاتون ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے لاک ڈاون میں غریبوں کی مدد پر زور دیتے ہوئے لوگوں اور ضرورتمندوں کا دھیان رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے ۔سوشیل میڈیا کے اہم ذریعہ ٹوئیٹر پر سرگرم ثانیہ مرزا نے کہا کہ ہم میں سے بعض کے لئے لاک ڈاون میں توسیع کا مطلب مزید دو ہفتے ہیں تاہم کئی افراد کے لئے یہ دو ہفتے نہیں ہیں بلکہ اس کا مطلب مزید دو ہفتوں تک ان کے لئے غذا اور آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ۔انہوں نے درخواست کی کہ اس خیال کو آگے بڑھائیے اور آپ جس کو بھی عطیہ اور مدد دے سکتے ہیں،دیجئے ۔دنیا کو آپ کی رحم دلی کی ضرورت ہے ۔واضح رہے کہ حال ہی میں ہندستان کی اسٹار خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو فیڈ کپ ایشیا / اوشیانا گروپ ون ہرٹ ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے اور اس ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے والی وہ پہلی ہندستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔سابق ڈبلز نمبر ایک اور کئی بار کی گرینڈ سلیم فاتح ثانیہ 2016 کے بعد پہلی بار اس سال فیڈ کپ ٹیم میں شامل ہوئی تھیں۔انہوں نے انکتا رینا کے ساتھ مل کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندستان کو فیڈ کپ کے پلے آف میں پہنچایا تھا۔ثانیہ نے اس بارے میں کہا کہ سال 2003 میں ہندستان کا پہلی بار نمائندگی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔میرا 18 سال کا طویل کیریئر ہے اور میں ہندوستانی ٹینس ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرکے فخر محسوس کرتی ہوں۔