لاک ڈاون میں مزید دو ماہ توسیع کی جائے: جگا ریڈی

   

حیدرآباد ۔27 ۔ اپریل(سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مزید دو تین ماہ تک لاک ڈاون میں توسیع کی تجویز پیش کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ مرکز نے 3 مئی تک جبکہ کے سی آر نے 7 مئی تک لاک ڈاون میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ لاک ڈاون کے نتیجہ میں کورونا پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملی ، لہذا لاک ڈاؤن میں توسیع کے ذریعہ تلنگانہ کو کورونا سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید دو تین ماہ تک لاک ڈاؤن کو توسیع دی جانی چاہئے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کورونا مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرس ، نرسیس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کا تحفظ کیا جائے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس ملازمین کا بھی خصوصی خیال رکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کا حل تلاش کرنے کیلئے مرکز اور ریاست کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنے چاہئے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ لاک ڈاون کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کیسس میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے لاک ڈاون میں توسیع ضروری ہے۔