لاک ڈاون میں پھنسے مزدوروں کی مدد کا عزم

,

   

ٹراویل ایجنسی کے مالک شکیل الرحمن ماں کے جنازہ میں شریک نہ ہوسکے

نئی دہلی /5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ضلع سمستی پور سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ شکیل الرحمن دہلی میں ٹراویل ایجنسی کے مالک ہیں ۔ جمعہ کو ان کی والدہ کا بہار میں انتقال ہوگیا لیکن وہ جنازہ میں شریک ہونے سے محروم رہے ۔ شکیل الرحمن لاک ڈاؤن کے باعث دہلی کے آشرم چوک میں مقیم مزدوروں کو کھانا اور دیگر اشیاء فراہم کرنے میں مصروف ہیں ۔ ان کے دوست نے ماں کے آخری دیدار کیلئے بہار جانے کی ترغیب دی لیکن شکیل الرحمن نے کہا کہ دہلی میں ان کی زیادہ ضرورت ہے ۔ رحمن کے دوستوں نے انتظامیہ سے درخواست کی تھی وہ شکیل کو اپنے آبائی مقام کو جانے کی اجازت دے لیکن خود شکیل الرحمن نے جانے سے انکار کردیا ۔ ڈسمبر میں شکیل کی ماں علاج کیلئے دہلی آئی تھی جب ان کی ماں سے آخری ملاقات ہوئی ۔ شکیل الرحمن کے ایک دوست نے بتایا کہ شکیل کا کہنا ہے کہ ضرورت مندوں کی مدد کرنا ماں کو بہترین خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔ شکیل الرحمن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ماں سے آخری مرتبہ ملاقات کی خواہش رکھتے تھے لیکن انسان کی ہر خواہش پوری نہیں ہوتی ۔ ان کے رشتہ داروں نے ان کی تدفین کے انتظامات کئے ۔ شکیل الرحمن اور اس کے دوست قومی دارالحکومت دہلی کے مختلف حصوں میں تقریباً 800 خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں اور انہیں غذاء فراہم کر رہے ہیں ۔ رحمن نے بتایا کہ ہمارے دوستوں کا ایک گروپ جنہیں رشتہ داروں اور دوست احباب سے امداد حاصل ہو رہی ہے ۔ واٹس اپ پر ضرورت مند افراد کی جانب سے غذاء کی فراہمی کیلئے انہیں درخواستیں وصول ہو رہی ہیں اور وہ ان افراد تک غذاء فراہم کر رہے ہیں ۔ گذشتہ کئی دن سے وہ بے سہارا اور ضرورتمند افراد کو مفت غذاء فراہم کر رہے ہیں ۔ جن میں بیشتر بے گھر مزدور ہیں جو مالویہ نگر ، آشرم ، زید پور ، اسمعیل پور ، تغلق روڈ اور دیگر علاقوں میں مقیم ہیں ۔ دہلی حکومت کی جانب سے بھی تقریباً 10 لاکھ افراد کو لاک ڈاؤن کے باعث مجبور و بے سہارا افراد کو کھانے اور رہنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔