لاک ڈاون پر آج سے سختی سے عمل آوری ہوگی : ڈی جی پی

   

Ferty9 Clinic

کرایہ داروں کو ہراسانی پر کارروائی کا انتباہ
ایک دن میں ہراسانی کے 36 فون کالس

ضروری اشیا کی خریدی کیلئے 3 کیلومیٹر کا لزوم ۔ ضبط ہونے والی گاڑیاں عدالت میں جمع کروادی جائیں گی

حیدرآباد 20 اپریل (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج کہاکہ ریاست میں لاک ڈاؤن پر عمل آوری کیلئے منگل سے سختی برتی جائیگی ۔ کنٹینمنٹ زونس پر خاص توجہ دی جائے گی۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہیندر ریڈی نے کہاکہ شہری علاقوں میں دیکھا گیا کہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری مؤثر طور پر نہیں ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں کورونا وائرس کی روک تھام میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کل سے ریاست بھر میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس میں 3 کیلو میٹر کے لزوم پر سختی سے عمل کیا جائیگا۔ اُنھوں نے کہاکہ کسی بھی شخص کو ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے گھر سے باہر جانے پر اُس کا شناختی کارڈ لازم ہے جس پر مکان کا پتہ بھی تحریر ہونا ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی ابتداء سے آج سے ریاست بھر میں 1,21,000 گاڑیوں کو ضبط کیا جاچکا ہے جس میں 69 ہزار شہر میں ضبط کئے گئے ہیں۔ ڈی جی پی نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی اور انھیں عدالت کے حوالے کردیا جائے گا ۔ لاک ڈاؤن کے ختم ہونے کے بعد ہی عدالت کی اجازت کے بعد متعلقہ افراد کے حوالہ کی جائیں گی۔ مہیندر ریڈی نے کہاکہ اتوار کو چیف منسٹر نے ایک اعلان کیا تھا جس میں مکانداروں کی جانب سے اپنے کرایہ داروں کو کرایہ کیلئے ہراساں نہ کرنے اور اُنھیں رعایت دینے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس کے باوجود مکانداروں کی جانب سے ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے اور اِس ضمن میں ڈائیل 100 کو ایک ہی دن میں مکانداروں کی ہراسانی سے متعلق 36 فون کالس موصول ہوئے ہیں۔ ڈی جی پی نے کہاکہ اِن فون کالس کے بعد متعلقہ پولیس نے مکان داروں کے پاس پہونچ کر اُن کی کونسلنگ کی اور اُنھیں حکومت کے احکامات سے واقف کروایا۔ مہیندر ریڈی نے کہاکہ مکانداروں کی ہراسانی کا سلسلہ جاری رہنے پر کارروائی کی جائے گی۔ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے بارے میں ڈی جی پی نے کہاکہ کسی بھی شخص کو معمولی کھانسی یا بخار ہونے پر مقامی دواخانہ سے رجوع ہوسکتا ہے لیکن سوپر اسپیشالیٹی دواخانہ کو جانے کیلئے مؤثر دستاویزات ضروری ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کو 6 رنگوں کے شناختی کارڈ دیئے جارہے ہیں جس کے تحت ملازمین مختلف شفٹ میں کام کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ تبلیغی جماعت کے ارکان جنھوں نے دہلی کے نظام الدین مرکز میں اجتماع میں شرکت کی تھی، اِن تمام ارکان کا پتہ لگالیا گیا ہے اور اُن کے علاوہ رشتہ داروں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں اور تمام افراد کے معائنے کروائے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ سے جملہ 7 روہنگیا مسلمانوں نے دہلی کے تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی جن میں 5 کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور 2 کا ضلع نلگنڈہ سے ہے۔