چیف منسٹر کی صدارت میں 2 بجے دن انعقاد۔ مانسون و دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال
حیدرآباد۔ ریاستی کابینہ کا ایک ہنگامی اجلاس کل ہفتہ 19 جون کو دو بجے دن منعقد ہوگا جس میںریاست میں لاک ڈاون کی برخواستگی یا نرمی کے اوقات میں اضافہ کے تعلق سے صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائیگا ۔ کابینی اجلاس کی صدارت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کرینگے ۔ کہا گیا ہے کہ اجلاس میں لاک ڈاون کے تعلق سے کسی فیصلے کیع لاوہ بارش ‘ مانسون سیزن میں کاشت کاری اور زراعت کے مسائل کے علاوہ موسمی مسائل کا جائزہ لیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ گوداوری میں پانی کی سطح میں اضافہ اور ہائیڈل برقی پیداوار کے تعلق سے بھی کابینہ کے اجلاس میں غور و خوض کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ ریاست میں جو لاک ڈاون نافذ ہے اس کی مدت 19 جون ہفتے تک ہے اور 20 جون سے اس پرنظرثانی کی جائے گی ۔ امید کی جا رہی ہے کہ ریاست میں لاک ڈاون میں مزید نرمی کا اعلان ہوسکتا ہے کیونکہ ریاست میں کورونا کیسوں میں بڑی حد تک کمی آئی ہے ۔ اس کے علاوہ انفیکشن کی شرح سے صحتیابی کی شرح زیادہ ہوگئی ہے ۔ کابینہ کے کل منعقد ہونے والے اجلاس میں محکمہ صحت کی رپورٹ اور سفارشات کا جائزہ بھی لیا جاسکتا ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے صورتحال پر تفصیلی رپورٹ سے واقف کروایا جائیگا جس کے بعد ریاست میں لاک ڈاون کو ختم کرنے یا پھر صرف نائیٹ کرفیو برقرار رکھنے کے تعلق سے فیصلہ کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کو مختلف تجاویز روانہ کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ چیف منسٹر اس پر کل وزراء سے مشوارت کے بعد کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں۔