لاک ڈاون پر عوام سختی سے عمل کریں

   

گھر سے صرف ایک فرد مارکٹ کو جائے ایک ہفتہ کی اشیاء خریدیں : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ریاست میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کرنے میں حکام سے مکمل تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے 30 مئی تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا اور صبح 6 تا 10 بجے تک لاک ڈاؤن میں نرمی دی گئی ہے ۔ لیکن دیکھاجارہا ہے ہے کہ عوام صبح 8 بجے کے بعد اشیاء ضروریہ کی خریدی کے لیے ایک ساتھ سڑکوں پر نکل آرہے ہیں جس سے مارکٹس اور کرانہ کے شاپس پر عوام کا ہجوم جمع ہورہا ہے ۔ ہریش راؤ نے سماجی دوری کو بنائے رکھنے کے لیے صبح 6 بجے سے ترکاری اور اشیاء ضروریہ خریدنے کی عوام سے خواہش کی اور ساتھ ہی گھر سے صرف ایک شخص کو باہر نکلنے کا مشورہ دیا ۔ وزیر نے ایک ساتھ ایک ہفتہ کی ترکاری اور اشیاء کا اسٹاک خرید لینے پر زور دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے ۔ عوام حکومت سے مکمل تعاون کرے ۔ صرف ضروری ہو تو ہی گھروں سے باہر نکلیں ورنہ زیادہ تر گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دیں ۔ مارکٹس میں ہجوم بڑھ جانے سے کورونا پھیلنے کا خطرہ ہے ۔ عوام خود اپنی حفاظت کرتے ہوئے اپنے ارکان خاندان کو بھی اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی اقدامات کریں ۔ ضروری کام کے لیے گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک ضرور لگائیں ۔ سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں اور سنیٹائزر کا وقفہ وقفہ سے استعمال کریں ۔ وزیر فینانس نے 10 بجے کے بعد عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے لاک ڈاؤن کے قواعد پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیا ۔ موٹر سیکل پر ایک اور آٹو میں صرف تینوں کو سفر کرنے کا مشورہ دیا ۔۔