حیدرآباد ۔23 اپریل(سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے آج اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ بانسواڑہ کے مختلف علاقوں میں پارٹی قائدین اور عہدیداروں کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے اسپیکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کریں۔ ضلع کلکٹر اے شرت ، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو بینک کے صدر پوچارم بھاسکر ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اسپیکر نے قومی شاہراہ اور مختلف کالونیوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سرینواس ریڈی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ بانسواڑہ میں کورونا وائرس پر قابو پانے میں مدد ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے ذریعہ مستقبل میں بھی کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے ۔ انتہائی ضروری کام کی صورت میں ایک شخص گھر سے نکلے اور ہجوم کی شکل میں گھومنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہر نکلتے وقت ماسک لازمی طورپر لگائیں اور سماجی دوری برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لئے پولیس ، ڈاکٹرس اور میونسپل عہدیدار دن رات مصروف ہیں۔ انہیں مکمل تعاون کرنا چاہئے۔ پوچارم ٹرسٹ کی جانب سے غریب خاندانوں میں غذائی اجناس کی تقسیم عمل میں آئی ۔