چیف منسٹر کی ہدایت، چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کا آج تین اضلاع کا دورہ
حیدرآباد۔21۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی سطح پر عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے ریاستی حکومت کے فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت جو فیصلے کر رہی ہے، ان پر کس طرح عمل آوری کی جارہی ہے، اس کا جائزہ لیا جائے۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، پرنسپل سکریٹری محکمہ صحت شریمتی شانتی کماری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں حیدرآباد سمیت مختلف علاقوں میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ اعلیٰ عہدیدار اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے شخصی طور پر صورتحال کا جائزہ لے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی اور پرنسپل سکریٹری صحت شانتی کماری کے علاوہ میڈیکل اینڈ ہیلت ڈائرکٹر سرینواس کل 22 اپریل کو سوریا پیٹ ، گدوال اور وقار آباد اضلاع کا دورہ کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی تک لاک ڈاؤن کی تحدیدات پر عمل کیا جائے جس سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی ۔