وجئے واڑہ میں 24 افراد کورونا سے متاثر ہوگئے ۔ دوسرے واقعہ میں 14 افراد متاثر
امراوتی 25 اپریل ( پی ٹی آئی ) لاک ڈاون میں بور ہورہے ایک ٹرک ڈرائیور کی جانب سے وقت گذاری کیلئے اپنے دوستوں کے ساتھ پتے کھیلنا آندھرا پردیش کے شہر وجئے واڑہ کے ایک محلے میں 24 افراد کو کورونا انفیکشن کی وجہ بن گیا ۔ کرشنا ضلع کلکٹر اے محمد امتیاز نے یہ بات بتائی ۔ اس کے علاوہ وجئے واڑہ ہی میں ایک اور ٹرک ڈرائیور کی جانب سے دوستوں کی محفل جمانے کے نتیجہ میں بھی 15 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ۔ اس طرح دو واقعات میں جملہ 40 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دو دن کے دوران ان دونوں واقعات کے نتیجہ میں 40 افراد کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وجئے واڑہ کے کرشنا لنکا علاقہ میں ٹرک ڈرائیور بور ہو رہا تھا اور اس نے اپنے دوستوں اور پڑوسیوں کے ساتھ پتے کھیلنے کا منصوبہ بنایا ۔ خواتین بھی جمع ہوئیں اور انہوں نے تمبولا کھیلا ۔ اس سب کے نتیجہ میں جملہ 24 افراد ہلاکت خیز کورونا سے متاثر ہوگئے ۔ یہی کچھ کارمیکا نگر میں بھی پیش آیا ۔ ٹرک ڈرائیور لوگوں سے ملتے رہا اور گروپ بندیا ہوتی رہیں اس کے نتیجہ میں 15 افراد کورونا سے متاثر ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء کے دوران سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی ہدایات کو نظر انداز کرنے کے نتیجہ میں یہ واقعات پیش آئے ہیں۔ صرف وجئے واڑہ میں کورونا کے جملہ 100 مریضوں کی توثیق ہوچکی ہے ۔
آندھرا میں کورونا متاثرین کی تعداد1000 سے متجاوز
امراوتی 25 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں آج مزید 61 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق ہوئی ہے اس طرح ریاست میں جملہ متاثرین کی تعداد 1,016 تک جا پہونچی ہے ۔ علاوہ ازیں ریاست میں دو افراد کورونا سے فوت بھی ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں جملہ مہلوکین کی تعداد بھی 31 ہوگئی ہے ۔ تازہ کورونا بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 26 افراد کو صحتیابی کے بعد دواخانہ سے گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ کرنول اور گنٹور کے بعد اب ضلع کرشنا اس وائرس سے زیادہ متاثر ہونے لگا ہے ۔ یہاں 25 نئے کورونا کیس سامنے آئے ہیں۔ کرنول میں بھی 14 نئے مریضوں کی توثیق ہوئی ہے ۔