لاک ڈاون کی خلاف ورزیاں عوام کی مجبوریوں کا نتیجہ

   

راشن کی دوکانوں پر لگنے والی بھیڑ ایک ثبوت ۔ کرفیو کو موثر بنانے غریبوں کی مدد ضروری

حیدرآباد۔4اپریل(سیاست نیوز) عوام میں کورونا کے شعور کے باوجود شہریوں میں خوف کیوںنہیں!شہر حیدرآباد کے محلہ جات میں عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں نے حکومت ‘ قائدین ‘ ڈاکٹرس اور ذمہ داروں کو اس فکر میں مبتلا کیا ہوا ہے کہ کورونا وائرس کے متعلق جانکاریوں کے حصول اور شعور رکھنے کے باوجود عوام بالخصوص نوجوانوں میں خوف کیوں نہیں ہے اور کیوں نوجوان لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں کے مرتکب بن رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن کی جس انداز میں خلاف ورزی کی جا رہی ہیں وہ اکثر پرانے شہر اور مسلم غالب آبادیوں میں دیکھی جا رہی ہیں جبکہ شہر کے پاش تصور علاقوں میں حالات یکسر مختلف ہیں ۔ بنجارہ ہلز ‘ جوبلی ہلز ‘ سوماجی گوڑہ‘ پنجہ گٹہ ‘ مہندرا ہلز اور دیگر علاقوں میں لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل رہے ہیں اور نہ ہی کسی سے ملاقات کر رہے ہیں بلکہ ان لوگوں نے دودھ والے کو بھی دروازہ تک آنے سے منع کررکھا ہے ۔ شہر کے ایک علاقہ میں لوگ اتنی احتیاط کر رہے ہیں اور دوسرے علاقہ میں بد احتیاطی کی کئی مثالیں سامنے آرہی ہیں جو سب کو متفکر کئے ہوئے ہے۔ لاک ڈاؤن کے سبب آمدنی نہ ہونے کے سبب نوجوانوں کو کوئی فضول خرچی کرکے یا پٹرول خراب کرتے سڑکوں کی خاک چھاننے کا شوق نہیں ہے لیکن لوگ باہر نکل رہے ہیں تو اس میں 95 فیصد سے زائد لوگ مجبوری میں باہر نکل رہے ہیں کیونکہ پرانے شہر کے بیشتر علاقو ںمیں روزمرہ کی آمدنی سے زندگی گذارنے والوں کی بڑی تعداد ہے اوریہاں کے مکینوں کی مجبوری کا اندازہ راشن کی دکانات پر لگنے والی بھیڑ سے لگایا جاسکتا ہے کیونکہ آج جب راشن کی دکانات کھولی گئیں تو راشن کی دکانات پر عوام کی بھیڑ امڈ آئی جو ان کی ضرورت کا احساس کروانے کافی ہے۔ یہ بھیڑ کوئی تقسیم کئے جانے والے چاول کیلئے نہیں پہنچی تھی بلکہ یہ بھیڑ ہر ماہ لگتی ہے نظر اس مرتبہ زیادہ آرہی ہے کیونکہ سب گھروں میں ہیں اور لوگوں کو ان مسائل کو دیکھنے کی فرصت اب مل رہی ہے کہ ان کے آس پاس کتنے غریب ایسے ہیں جو مفلسی کے عالم میں زندگی گذار رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں کی نشاندہی کرکے غریبوںکی مدد کے اقدامات کی ِصورت میں ان علاقوں میں لاک ڈاؤن کو بہتر انداز میں نافذ کیا جاسکتا ہے جہاں لاک ڈاؤن پر مؤثر عمل نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔