حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی جاری ہے اور 26 مارچ کو ٹریفک پولیس نے 212 مقدمات درج کئے ہیں۔ واضح رہے کہ لاک ڈاؤن قوانین کے مطابق کوئی بھی شخص دن کے اوقات میں اپنے مکان سے 3 کیلو میٹر کی دوری تک ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے تنہا موٹر سائیکل پر جاسکتا ہے لیکن اِن قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں ٹریفک پولیس نے دونوں شہروں میں نصب آٹو میٹک نمبر پلیٹ رجسٹریشن ریڈنگ کیمرہ سے اُن موٹر سائیکلوں کے نمبرات حاصل کئے جو مقررہ مقامات سے 3 کیلو میٹر کے لزوم کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے تجزیہ میں پایا کہ آصف نگر، فلک نما اور ٹولی چوکی میں خلاف ورزی زیادہ ہو رہی ہے ۔ سواروں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک انیل کمار نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جارہی ہے جن میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔
