لاک ڈاون کے بعد تلنگانہ میں ایس ایس سی کے باقی امتحانات مرکزی وزیر کی ویڈیو کانفرنس

   

حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل(سیاست نیوز) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل رمیش پوکھریال نے مختلف ریاستوں کے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں طلبہ کو لاک ڈاؤن کے درمیان بھی تعلیمی مواقع فراہم کرنے چاہئے ۔ مرکزی وزیر کو بتایا گیا کہ تلنگانہ میں طلبہ کو ڈیجیٹل اور آن لائین کلاسیس کا آغاز کیا گیا ہے ۔ TSAT چیانل پر روزانہ پانچ گھنٹے آڈیو ویژول کلاسس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ یوٹیوب چیانل اور دکھشا پر بھی کلاسیس جاری ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے غریب خاندانوں کیلئے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر کو بتایا گیا کہ ریاست میں پہلی تا 9 ویں جماعت کے تمام طلبہ کو پروموٹ کیا گیا جبکہ 9 ویں اور 11 ویں کلاسیس میں داخلی کارکردگی کی بنیاد پر پروموٹ کیا گیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد 10 ویں جماعت کے امتحانات منعقد کئے جائیں۔ مرکزی وزیر کو اطلاع دی گئی کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مکمل ہوچکے ہیں جبکہ ایس ایس سی کے باقی پرچہ جات کا امتحان لاک ڈاؤن کے اختتام کے بعد منعقد ہوگا۔ مرکزی وزیر نے ڈیجیٹل ایجوکیشن میں تلنگانہ کے رول کی ستائش کی ۔